قومی خبریں

کپاس کسانوں کے حق میں کیجریوال کا مطالبہ- ’امریکہ 50 فیصد ٹیرف لگا رہا ہے تو آپ 75 فیصد لگائیں‘

گجرات دورے پر اروند کیجریوال نے مرکز پر امریکی کپاس پر ڈیوٹی ختم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی کسانوں کو نقصان ہوگا، حکومت 75 فیصد ٹیرف لگائے اور کسانوں کی مانگیں پوری کرے

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال / ویڈیو گریب</p></div>

اروند کیجریوال / ویڈیو گریب

 

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال ان دنوں گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اتوار کو انہوں نے احمد آباد۔راجکوٹ ہائی وے پر واقع پربھو فارم میں پریس کانفرنس کی اور اس موقع پر کپاس کسانوں کے مسائل پر کھل کر بات کی۔ کیجریوال نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ اس نے امریکی کپاس پر 11 فیصد درآمدی ڈیوٹی ختم کر دی ہے جس کے نتیجے میں ملک کے کسانوں کو براہِ راست نقصان پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بعد مقامی پیداوار کی قیمتیں مزید گر جائیں گی اور کسانوں کو ان کی محنت کا صحیح معاوضہ نہیں مل پائے گا۔

Published: undefined

کیجریوال نے کہا، ’’پہلے ایک من (40 کلوگرام) کپاس کی قیمت 1500 روپے تک ملتی تھی لیکن آج کسانوں کو 1200 روپے ہی مل رہے ہیں۔ بیج اور کھاد کے دام بڑھ گئے ہیں، مزدوری مہنگی ہو گئی ہے لیکن کسانوں کو ان کی پیداوار کا مناسب بھاؤ نہیں ملتا۔ اگر اب امریکہ سے کپاس ہندوستان میں درآمد ہوگی تو کسانوں کو صرف نو 100 روپے فی من کے حساب سے ملنے لگے گا، جو ان کے لیے تباہ کن ہوگا۔‘‘

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کمزور حکمران ہیں اور دنیا کے جن ممالک نے بھی ان کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کی ہے، وہ جھکنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ کیجریوال نے مرکز سے اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’اگر امریکہ 50 فیصد ٹیرف لگا رہا ہے تو آپ 75 فیصد ٹیرف لگائیں۔ پورا ملک آپ کے ساتھ ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘

Published: undefined

عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے کسانوں کے لیے چار بڑی مانگیں بھی رکھی ہیں۔ ان میں سب سے پہلے امریکی کپاس پر 11 فیصد درآمدی ڈیوٹی کی بحالی شامل ہے۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ کپاس کسانوں کو 2100 روپے فی من کے حساب سے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) دی جائے۔ تیسری مانگ یہ ہے کہ حکومت کسانوں کی پیداوار کو ایم ایس پی کی قیمتوں پر خود خریدے تاکہ کسان کھلے بازار میں استحصال سے بچ سکیں۔ چوتھی مانگ میں انہوں نے بیج سمیت تمام ضروریات پر سبسڈی دینے اور کسانوں کو سستا سامان مہیا کرنے کی اپیل کی۔

کیجریوال نے اس موقع پر سورت کے ہیرے کے کاریگروں کی حالتِ زار پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ان کاریگروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور ان کی مشکلات دن بدن بڑھ رہی ہیں۔

Published: undefined

یاد رہے کہ حال ہی میں دہلی میں بھی اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کپاس کسانوں کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ 28 اگست کو انہوں نے مرکز سے اپیل کی تھی کہ امریکہ سے ہونے والی درآمد پر زیادہ ٹیرف عائد کیا جائے تاکہ مقامی کسانوں کے مفاد کی حفاظت کی جا سکے۔ ان کا الزام تھا کہ بی جے پی قیادت والی حکومت نے امریکی دباؤ میں آ کر 11 فیصد ڈیوٹی معاف کی ہے، جس سے کسانوں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

کیجریوال نے گجرات کے کسانوں کو یقین دلایا کہ عام آدمی پارٹی ان کے مسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined