قومی خبریں

کرناٹک: شدید بارش کے باعث شیوموگا میں لینڈسلائیڈنگ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

ہلاک ہونے والوں کی شناخت ملیکارجن (30)، ناگوینی (27) اور ان کے 3 سالہ بیٹے سنتوش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ خاندان کوپل ضلع کے گنگاوتی تعلقہ کے ککراگول گاؤں سے یہاں مزدوری کرنے آیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

کرناٹک کے شیوموگا ضلع کے تیرتھ ہلی تعلقہ میں مسلسل ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے لینڈسلائیڈنگ میں ایک عارضی جھونپڑی ملبے تلے دب گئی، جس سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک 3 سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح سویرے پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 2:30 بجے تیرتھ ہلی کے اندرا نگر میں پیش آیا۔ ملناڈ کے علاقے میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہاڑی کا ایک حصہ گر گیا۔ لینڈسلائیڈنگ کے باعث بڑی مقدار میں مٹی اور چٹانیں اس جھونپڑی پر آ گریں جہاں مزدوری کر کے لوٹے خاندان کے افراد سو رہے تھے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت ملیکارجن (30)، ناگوینی (27) اور ان کے 3 سالہ بیٹے سنتوش کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ خاندان کوپل ضلع کے گنگاوتی تعلقہ کے ککراگول گاؤں سے یہاں مزدوری کرنے آیا تھا۔ دوسری جانب ملبے میں پھنسے ایک اور زخمی مزدور ہنومنتھ کو فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے محفوظ باہر نکال لیا۔ اسے تیرتھ ہلی کے جے چاماراجیندرا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔

افسران نے بتایا کہ زخمی شخص کو مناسب طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی قریب ہی ایک اور جھونپڑی میں رہنے والے کچھ لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں نے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ملبے میں دبے تینوں افراد کی لاشیں باہر نکالی گئیں۔ یہ واقعہ تیرتھ ہلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔ افسران مسلسل ہونے والی بارش کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ مانسون کی تیز بارش کے باعث مغربی گھاٹ کے علاقے میں شدید لینڈسلائیڈنگ ہوئی ہے اور ٹرین خدمات میں رکاوٹ آئی ہے۔ منگلورو اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کئی مقامات پر لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ ٹریفک بھی متاثر ہوا ہے۔ ہفتے کی رات یڈکماری اور سری واگیلو ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے ٹریک پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد اتوار کو منگلورو اور یشونت پور کے درمیان ٹرین خدمات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ریلوے کا امدادی سامان لے جانے والی خصوصی ٹرین متاثرہ جگہ پر پہنچ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کی علی الصبح منگلورو کے کنکناڈی ناگوری علاقے میں تیز بارش کی وجہ سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے ایک مکان گر گیا تھا۔ اس حادثے میں ایک خاتون اور 2 نوجوان لڑکیوں سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ دوسری جانب ایک مرد اور 2 نوجوان لڑکیوں سمیت 3 دیگر افراد کو مقامی رہائشیوں اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے جوانوں نے ملبے سے محفوظ نکال کر علاج کے لیے اسپتال پہنچایا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔