قومی خبریں

کملیش تِیواری کی بیوی نے سی ایم یوگی کو دی خود سوزی کی دھمکی

ہندو لیڈر کملیش تیواری کے گھر والوں نے ان کی آخری رسوم ادا کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ کملیش تیواری کی بیوی کا کہنا ہے کہ جب تک سی ایم یوگی ان سے ملاقات نہیں کرتے، انھیں سپرد آتش نہیں کیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اتر پردیش کے لکھنؤ میں ہندو سماج پارٹی کے لیڈر اور ہندو مہاسبھا کے سابق صدر کملیش تیواری کا جمعہ کے روز برسرعام قتل کر دیا گیا تھا۔ زبردست بھیڑ بھاڑ والے اس علاقےمیں کملیش کے قتل سے ماحول میں کافی کشیدگی دیکھنے کو مل رہی ہے اور اس درمیان اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ دیر رات جب کملیش تیواری کا جسد خاکی سیتا پور کے محمود آباد واقع ان کی رہائش پر پہنچا تو گھر والوں نے ان کی آخری رسومات ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے آنے تک کملیش کو سپردِ آتش نہیں کیا جائے گا۔ مہلوک کی بیوی نے ساتھ ہی یہ تنبیہ بھی کی ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ نہیں آئے تو وہ خودسوزی کر لیں گی۔

Published: 19 Oct 2019, 11:45 AM IST

کملیش تیواری کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک کملیش تیواری کی لاش کی آخری رسوم ادا نہیں کریں گے جب تک خود وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ آ کر گھر والوں سے ملاقات نہیں کرتے۔ تیواری کی بیوی نے کہا کہ وہ مل کر یوگی جی سے بات کرنا چاہتی ہیں تاکہ قاتلوں کے خلاف کارروائی ہو سکے۔ اس وقت کملیش تیواری کی لاش آبائی گھر محمود آباد میں ہی موجود ہے اور وہاں پولس کی زبردست سیکورٹی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

Published: 19 Oct 2019, 11:45 AM IST

واضح رہے کہ جمعہ کو کملیش تیواری کا قتل لکھنؤ کے ناقہ علاقے میں گلا ریت کر کر دیا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق انھیں گولی بھی ماری گئی تھی۔ پولس نے موقع واردات سے ایک ریوالور بھی برآمدکی ہے۔ اس درمیان سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر قاتل بھاگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ فی الحال اس قتل کی وجہ سے صوبے میں سیاسی ماحول کافی گرم ہے اور چپے چپے پر پولس تعینات ہے۔

Published: 19 Oct 2019, 11:45 AM IST

اس درمیان کملیش تیواری کی ماں اور ان کے بھتیجے نے ایک مقامی بی جے پی لیڈر پر قتل کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کملیش کی ماں نے محمود آباد واقع رام جانکی مندر کے مقدمے بازی کو بھی اس واقعہ سے جوڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیو کمار گپتا نام کے ایک مقامی بی جے پی لیڈر نے اس قتل کی سازش رچی ہے۔

Published: 19 Oct 2019, 11:45 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Oct 2019, 11:45 AM IST