قومی خبریں

مدھیہ پردیش کی بگڑتی نظم و نسق کی صورت حال پر وزیر اعظم مداخلت کریں: جیتو پٹواری

مدھیہ پردیش کانگریس صدر جیتو پٹواری نے ریاست میں خواتین اور بچیوں کے خلاف بڑھتے جرائم اور پولیس کی غفلت پر وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر آزاد مرکزی کمیٹی سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>جیتو پٹواری، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>

جیتو پٹواری، تصویر قومی آواز/ویپن

 

بھوپال: مدھیہ پردیش میں نظم و نسق کی بگڑتی صورت حال اور خواتین و کمسن بچیوں کے خلاف بڑھتے جرائم کو لے کر کانگریس نے ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ریاست کے معاملات میں فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خواتین اور بچیوں کے خلاف جرائم، پولیس کی غفلت اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ریاست میں نظم و نسق کی صورت حال کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جیتو پٹواری نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں خواتین اور بچیوں کے خلاف جرائم کے واقعات، پولیس کی عدم فعالیت اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کے لیے جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے یکم نومبر 2026 کو ودیشا میں پیش آنے والے واقعے کو اس صورت حال کی ایک سنگین مثال قرار دیا۔ ان کے مطابق اس معاملے میں متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے عمل میں انتظامی تاخیر اور پولیس کا ابتدائی رویہ کئی اہم سوالات کھڑے کرتا ہے۔

کانگریس صدر نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ مدھیہ پردیش میں نظم و نسق، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم اور پولیس کے طریقہ کار کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینے کے لیے ایک آزاد مرکزی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے معاملات میں ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر، تفتیش میں لاپروائی اور متاثرین کو نظر انداز کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔

ودیشا کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے پٹواری نے مطالبہ کیا کہ پولیس کے ابتدائی کردار، مقدمہ درج کرنے میں تاخیر اور شواہد کے تحفظ کے معاملے کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کو مناسب تحفظ اور ضروری مدد فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو خود محکمہ داخلہ کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے ہیں، اس لیے ریاست میں نظم و نسق کی ناکامیوں کے لیے ان کی جوابدہی طے کی جانی چاہیے۔

پٹواری نے ریاست میں حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کے درمیان باہمی تال میل کی کمی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی حکومت کے درمیان وقتاً فوقتاً سامنے آنے والے انتظامی اور سیاسی اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صورت حال پر وضاحت ضروری ہے۔

ان کے مطابق ریاست کا انتظامی نظام کسی سیاسی مداخلت کے بجائے آئینی ضابطوں کے مطابق چلنا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جوابدہی طے کریں اور پولیس انتظامیہ کے غیر جانب دارانہ جائزے کے لیے ٹھوس ہدایات جاری کریں۔