قومی خبریں

نیٹ پیپر لیک معاملہ: سچن پائلٹ نے جان دینے والے نیٹ امیدوار پردیپ کے اہل خانہ سے کی ملاقات

سچن پائلٹ نے کہا کہ ’’پردیپ کے والد نے مزدوری کر کے، زمین بیچ کر اور قرض لے کر بیٹے کو پڑھایا تھا تاکہ وہ خاندان کا مستقبل سنوار سکے لیکن پیپر لیک نے اس کے خوابوں اور نظام پر بھروسے کو توڑ دیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>سچن پائلٹ، تصویر&nbsp;/ آئی اے این ایس</p></div>

سچن پائلٹ، تصویر / آئی اے این ایس

 

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ اتوار (25 مئی) کو راجستھان کے ضلع جھنجھنو کی گڑھا باونی پنچایت پہنچے۔ وہاں انہوں نے نیٹ پیپر لیک ہونے کے سبب دلبرداشتہ ہو کر اپنی جان دینے والے طالب علم پردیپ ماہیچ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران رکن پارلیمنٹ برجیندر اولا سمیت کانگریس کے کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔ اس سے قبل راہل گاندھی بھی فون پر متاثرہ خاندان سے بات کر چکے ہیں۔

Published: undefined

اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ ایک غریب خاندان کے نوجوان کا اس طرح خودکشی کرنا صرف ایک خاندان کے لیے ہی نہیں، بلکہ پورے معاشرے اور ملک کے لیے انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پردیپ کے والد نے مزدوری کر کے، زمین بیچ کر اور قرض لے کر بیٹے کو پڑھایا تھا تاکہ وہ خاندان کا مستقبل سنوار سکے، لیکن پیپر لیک نے اس کے خوابوں اور نظام پر بھروسے کو توڑ دیا۔

Published: undefined

سچن پائلٹ نے الزام عائد کیا کہ واقعے کے بعد انتظامیہ اور پولیس کا رویہ خاندان کے ساتھ ہمدردانہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دکھ کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ بدسلوکی ہوئی ہے تو ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ پیپر لیک کوئی عام معاملہ نہیں، بلکہ کروڑوں روپے کے منظم نیٹورک اور مافیا سے جڑا مسئلہ ہے۔ پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ 22 لاکھ سے زیادہ طلبہ اس واقعے سے متاثر ہوئے ہیں اور اس کے پیچھے بڑے پیمانے پر ایک بدعنوان نظام کام کر رہا ہے۔

Published: undefined

ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سچن پائلٹ نے سوال اٹھایا کہ جب پہلی بار پیپر لیک ہونے کی معلومات سامنے آئی تھی، تب فوری طور پر ایف آئی آر کیوں درج نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق اگر طلبہ نے آواز نہ اٹھائی ہوتی تو معاملہ دبا دیا جاتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جس محکمہ میں مسلسل پیپر لیک جیسے واقعات ہو رہے ہیں، اس کے وزیر کو اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے۔ پائلٹ نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور متعلقہ ایجنسیاں پورے معاملے کی سچائی سامنے لانے سے بچ رہی ہیں اور ممکنہ طور پر کسی بڑے نیٹورک کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Published: undefined

سچن پائلٹ نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس دکھ کی گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پارٹی تنظیم کی جانب سے خاندان کو 11 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پائلٹ نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس مستقبل میں بھی خاندان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ان کے مطابق پیپر لیک صرف قانونی جرم نہیں، بلکہ نوجوانوں کے خوابوں کا قتل ہے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined