قومی خبریں

جموں و کشمیر: نقلی بندوق کی نوک پر لوٹ کو انجام دینے والے گروہ کا پردہ فاش

ایس ایچ او سوپور اعظم اقبال نے بتایا کہ گرفتار شدہ لٹیروں نے نقلی بندوق کی نوک پر علاقے میں کئی ڈکیتیاں انجام دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قصبے میں گذشتہ ایک سال سے سرگرم تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سوپور: جموں کشمیر پولس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نقلی بندوق کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والے لٹیروں کے ایک گروپ کو طشت از بام کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ڈی پی او سوپور راجا ماجد نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولس کی خصوصی ٹیم نے لکڑی کے بنے ایک نقلی بندوق کی نوک پر لوگوں کو لوٹنے والے لٹیروں کے ایک گروپ کا پردہ فاش کیا جو سوپور کے مختلف حصوں میں لوگوں کو لوٹتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چار افراد پر مشتمل ان لٹیروں کو جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا۔

Published: undefined

پولس نے گرفتار لٹیروں کی شناخت بلال احمد راتھر جو پیشہ کے لحاظ سے ترکھان ہے اور جس نے لکڑی کی بندوق بنائی تھی، لطیف عرف تسقی، فاروق احمد اور اشفاق احمد ساکنان سوپور کے بطور کیا ہے۔ ایس ڈی پی او نے کہا کہ لٹیروں کی تحویل سے ایک لکڑی کی بنی بندوق، ایک موٹر سائیکل، دو موبائیل فون ضبط کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لٹیرے غالباً ملی ٹنٹ بن کر لوگوں کو لوٹتے تھے، یہ لوگ منشیات کے عادی ہیں اور ہر بڑے کام میں شامل ہیں۔ اس موقعہ پر ایس ایچ او سوپور اعظم اقبال نے بتایا کہ گرفتار شدہ لٹیروں نے نقلی بندوق کی نوک پر علاقے میں کئی ڈکیتیاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ قصبے میں گذشتہ ایک سال سے سرگرم تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined