قومی خبریں

مولانا ارشد مدنی نے کیشو کنج میں موہن بھاگوت سے کی ملاقات

جن دو مختلف تنطیموں کی ملاقات کے بارے میں کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا وہ جمعہ کو اس وقت حقیقت ہو گئی جب مولانا ارشد مدنی نے موہن بھاگوت سے ملاقات کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ملک میں جب فرقہ وارانہ ہم آہنگی اپنی سب سے نچلی سطح پر ہے اور فرقہ وارانہ منافرت اپنے عروج پر اس وقت دو مذاہب کی نمائندہ تنظیموں کے سربراہان کی ملاقات ہوئی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند (ارشد) کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے گزشتہ روز آر ایس ایس کے دہلی میں واقع دفتر کیشو کنج میں سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت سے ڈیڑھ گھنٹے تک بات چیت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں سربراہان نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ملک کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے پر گفتگو کی۔

Published: undefined

ان دونوں کی ملاقات جمعہ کے روز ہوئی اور یہ پہلی مرتبہ ہے جب جمعیۃ کے کسی سربراہ کی سنگھ کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات کے سلسلے میں مولانا ارشد مدنی نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا ’’ہم دونوں (جمعیۃ اور آر ایس ایس) ایک عوامی پلیٹ فارم پر آکر بھائی چارے کا پیغام پھیلا سکتے ہیں لیکن چونکہ ابھی میرے پاس کوئی پرگرام نہیں ہے اس لئے میں اس پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ہم دیکھتے ہیں کہ آگے حالات کیا کروٹ لیتے ہیں‘‘۔

Published: undefined

اس میٹنگ کے تعلق سے سنگھ کے ذرائع نے بتایا کہ ’’سنگھ وقفہ وقفہ سے سماج کے دوسرے طبقوں کے رہنماؤں سے ملاقات کرتا رہتا ہے اور یہ ملاقات بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ اس ملاقات کی اہمیت ہندو۔مسلم اتحاد کے تعلق سے زیادہ اہم ہے۔ آر ایس ایس اس ملاقات سے بہت مطمئن ہے‘‘۔ ذرائع کے مطابق مولانا ارشد مدنی نے سنگھ سے مخالفت کی اپنی وجوہات گفتگو کے دوران بتائیں۔ ذرائع کے مطابق موہن بھاگوت نے اس موقع پر ہندوتوا کے بارے میں بتایا اور کہا کہ کیسے ہندو اور مسلمان ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکتے ہیں‘‘۔ ذرائع کے مطابق مولانا ارشد مدنی نے اس پر کہا کہ اگر یہ صورتحال ہے تو پھر نظریاتی اختلافات کے با وجود لوگ مل کر کام کر سکتے ہیں۔

Published: undefined

واضح رہے کہ اس سے قبل مولانا ارشد مدنی کو کچھ ماہ پہلے وگیان بھون میں ہوئے آر ایس ایس کے سہ روزہ اجلاس میں بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے موب لنچنگ کی وجہ سے اس میں شرکت نہیں کی تھی۔ اس وقت آر ایس ایس کے نمائندہ نے مولانا ارشد مدنی سے یہ بات کہی تھی کہ سنگھ موب لنچنگ کے خلاف ہے اور سنگھ نے اس تعلق سے اپنی ناراضگی کا کئی مرتبہ اظہار بھی کیا ہے۔ ارشد مدنی نے اس وقت اس کا کوئی جواب شائد انتخابات کی وجہ سے نہیں دیا تھا لیکن اب آر ایس ایس کی سرپرستی والی بی جے پی پہلے سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہو گئی ہے تو ان بدلے حالات میں مولانا ارشد مدنی نے سنگھ کے سربراہ سے ملنے کا فیصلہ کیا۔

Published: undefined

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کو ممکن بنانے کے لئے آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم ’راشٹریہ جن منچ‘ نے پہل کی اور رام لال نے اس ملاقات کو ممکن بنانے کے لئے کام کیا، اس ملاقات کے وقت رام لال وہاں موجود تھے۔ مولانا ارشد مدنی نے اس ملاقات کو اچھا بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ملاقات میں تین مدے اٹھائے ہیں۔ مولانا ارشد مدنی نے جو تین مدے ملاقات کے دوران اٹھائے ہیں ان میں موب لنچنگ، فرقہ وارانہ منافرت کا بڑھنا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ضرورت۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined

,
  • دہلی کے بعد احمد آباد میں بھی اسکولوں کو بم کی دھمکی بھرا ای-میل موصول، پولیس تحقیقات شروع