قومی خبریں

اسلام دنیا کو چھوڑنے نہیں بلکہ سنوارنے کا پیغام دیتا ہے: مولانا محمود مدنی

مولانا محمود مدنی نے ایمان کو سب سے بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام دنیا سے کنارہ کشی نہیں بلکہ اسے دین کے مطابق سنوارنے کی تعلیم دیتا ہے، جبکہ اولاد کی تربیت کو اہم ذمہ داری بتایا

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>

تصویر پریس ریلیز

 

پورٹ بلیئر، جزائرِ انڈمان و نکوبار میں واقع مسجد النور میں بعد نمازِ مغرب ایک پُراثر خطاب کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور اسے ایسی بے مثال نعمتوں سے نوازا جن کا شمار ممکن نہیں۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کے جسم کے اندر اور باہر اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیں موجود ہیں، جن میں آنکھیں، کان، زبان، دل، دماغ اور پوری کائنات شامل ہیں۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ جدید میڈیکل سائنس اور نیورو سائنس کی حیرت انگیز ترقی کے باوجود انسانی دماغ کے تمام اسرار آج بھی پوری طرح منکشف نہیں ہو سکے اور اس کا بڑا حصہ اب بھی راز میں ہے، جو اللہ کی قدرت کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔ مولانا مدنی نے زور دے کر کہا کہ تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ایمان ہے، کیونکہ دنیا میں بے شمار ایسے لوگ موجود ہیں جو تعلیم، ذہانت اور صلاحیت میں ہم سے آگے ہیں، لیکن ایمان سے محروم ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایمان اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی صرف انسان بننے میں نہیں بلکہ ایمان کے ساتھ زندگی گزارنے اور ایمان پر خاتمہ ہونے میں ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ اسلام دین اور دنیا کو الگ نہیں کرتا بلکہ زندگی کے ہر شعبے کو دین کے تابع بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا چھوڑنے کا نام نہیں بلکہ دنیا کو دین کے مطابق چلانے کا نام ہے، اور شادی، تجارت، اولاد کی تربیت، خاندان کے ساتھ حسنِ سلوک اور معاشرتی ذمہ داریاں سب دین کا حصہ ہیں۔

Published: undefined

مولانا مدنی نے تاجروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سچائی، امانت اور دیانت داری کے ساتھ کاروبار کرنا بھی عبادت ہے، جبکہ رشتہ داری جوڑنے کو عظیم عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عمر میں برکت اور آخرت میں بلند مقام حاصل ہوتا ہے، جبکہ قطع رحمی دنیا و آخرت دونوں میں نقصان کا سبب بنتی ہے۔

انہوں نے اولاد کو ایمان کے بعد انسان کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نسلوں کے درمیان فاصلہ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت میں حلال و مشتبہ رزق سے بچاؤ، دینی و اخلاقی تعلیم اور محبت و قربت کو بنیادی حیثیت دیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں پر محض حکم چلانے کے بجائے ان کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم کیا جائے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ بیوی، بچے، رشتہ دار، کمزور افراد اور حتیٰ کہ بے زبان جانوروں کے حقوق کی ادائیگی بھی دین کا بنیادی حصہ ہے، اور گھریلو زندگی میں محبت، نرمی اور حسنِ سلوک کو فروغ دینا ضروری ہے کیونکہ رحمت کا آغاز گھر سے ہوتا ہے۔

اس موقع پر جمعیۃ علماء کے متعدد ذمہ داران اور مختلف صوبائی و علاقائی یونٹس کے اکابرین بھی موجود تھے، جن میں مولانا شرف الدین قاسمی، مولانا محمد عمر قاسمی، مفتی شمس الدین بجلی، مولانا نجیب اللہ قاسمی، مولانا عظیم اللہ صدیقی، مفتی ذاکر حسین قاسمی اور عادل نصیر سمیت دیگر شخصیات شریک رہیں۔ مسجد النور کے ذمہ داران نے مولانا مدنی کا شال پوشی کے ذریعے استقبال کیا، جبکہ شہر کے معزز افراد کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined