قومی خبریں

دہلی پولیس کانسٹیبل امتحان میں نقل کرانے والے بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش، بہار میں سات گرفتار

بھاگلپور پولیس نے دہلی پولیس کانسٹیبل امتحان میں نقل کرانے والے بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کر دیا۔ کمپیوٹر سسٹم سے چھیڑ چھاڑ کے ذریعے امیدواروں سے لاکھوں روپے وصول کیے جاتے تھے، سات افراد گرفتار

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس 

بہار کے ضلع بھاگلپور میں پولیس نے دہلی پولیس کانسٹیبل کے امتحان میں منظم طریقے سے نقل کرانے والے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ امتحانی مراکز کے کمپیوٹر سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے امیدواروں کو ناجائز طریقے سے کامیاب کرانے کا کام کر رہا تھا اور اس کے بدلے بھاری رقم وصول کی جاتی تھی۔

Published: undefined

گرفتار شدہ ملزمان میں سمت، گوتم، بنٹی، نتیش کمار، انکت کمار پانڈے، شیوم یادو عرف بھوپیش اور اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے جلال پور کے رہنے والے کرن سنگھ شامل ہیں۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ کے ارکان امتحان کے دوران کمپیوٹر اسکرین کو کنٹرول کر لیتے تھے اور سوالات کے جوابات فراہم کرنے کے لیے گوگل اور چیٹ جی پی ٹی جیسے ذرائع کا استعمال کرتے تھے۔ اس پورے عمل کے عوض امیدواروں سے 10 سے 15 لاکھ روپے تک وصول کیے جاتے تھے۔

Published: undefined

پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں حبیب پور تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سٹی ایس پی شبھانک مشرا کے مطابق 24 دسمبر کو علی گڑھ کا ایک نوجوان دہلی پولیس کانسٹیبل کا امتحان دینے بھاگلپور آیا تھا۔ گروہ کے ارکان نے امتحان میں کامیاب کرانے کے لیے اس سے دو لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ نوجوان نے کامیابی کے بعد رقم دینے کی بات کہی تو ملزمان نے اسے یرغمال بنا لیا۔

Published: undefined

نوجوان نے موقع پا کر اپنے بھائی کو فون کر کے پوری صورتِ حال سے آگاہ کیا، جس کے بعد پولیس کو منظم جعل سازی کی اطلاع ملی۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد شبہ کی بنیاد پر ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی، جس سے پورے نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کر لیا۔

Published: undefined

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس گروہ کا نیٹ ورک بہار کے علاوہ اتر پردیش اور ہریانہ تک پھیلا ہوا ہے اور یہ مختلف مسابقتی امتحانات میں پاس کرانے کے نام پر منظم انداز میں غیر قانونی وصولی کرتا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی گہرائی سے جانچ کی جا رہی ہے اور تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اس طرح کے امتحانی فراڈ پر سخت کارروائی کی جا سکے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined