امریکی فوج اپنی نئی ’گروومنگ پالیسی‘ کے سبب تنازعات کا سامنا کر رہی ہے۔ نئے ضابطہ کے تحت فوجیوں کے اب داڑھی اور لمبے بال رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مذہبی رعایت ختم کر دیے جانے کی وجہ سے سِکھ، مسلم اور آرتھوڈوکس یہودی فوجیوں کو اپنے دین اور فوجی خدمت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ کئی لوگ اس فیصلے کو امریکی اقدار کے منافی قرار دے رہے ہیں۔ یہ تنازعہ اُس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیجسیتھ نے داڑھی رکھنے والے فوجیوں کو’بیئرڈوز‘ اور ’موٹے جنرل‘ کہہ کر مذاق اُڑایا۔ ان کے اس بیان کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے بے حرمتی و امتیازی سلوک قرار دیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
داڑھی اور پگڑی پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد ہندوستان میں سخت ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں اور تنظیموں کے لیڈران نے امریکہ کی نئی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ’شرومنی گردوارہ پر بندھک کمیٹی‘ (ایس جی پی سی) کے ترجمان گرچرل گریوال نے نے امریکی فیصلہ پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سکھوں یا پنجابی برادری کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی جب پگڑی اُتروائی گئی اور سکھوں کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں تو اُن کی بے حرمتی ہوئی تھی۔ یہ نہ تو جمہوری ہے اور نہ ہی درست۔ انہوں نے بتایا کہ ایس جی پی سی امریکہ کے گردواروں کے ساتھ مل کر اس معاملے کی تفصیلات حاصل کرے گی اور آئندہ کے لیے لائحۂ عمل طے کرے گی۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے 5 ’ککار‘ (کیش، کچھی، کنگھا، کرپان اور کڑا) مذہبی عقیدے کے لازمی حصے ہیں۔ کسی بھی حکم یا ضابطے کے ذریعہ ان پر پابندی لگانا سکھ مذہب کے اصولوں اور جذبات کے منافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایس جی پی سی اور پنجاب کے لیڈران اس فیصلے کی سخت مخالفت کر رہے ہیں۔
Published: undefined
بھٹنڈہ سے رکنِ پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے امریکی فیصلے کو قابلِ مذمت اور امتیازی قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سکھوں نے ہمیشہ اپنی مذہبی شناخت برقرار رکھتے ہوئے امریکی فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔ اُن کی مذہبی شناخت چھیننا ناانصافی ہے اور اسے فوری واپس لیا جانا چاہیے۔ کانگریس کے رکنِ اسمبلی اور سابق وزیر رانا گرجیت سنگھ نے بھی امریکہ کی نئی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سیکولر سوچ کے خلاف ہے۔ ایک سچا سکھ اپنے مذہب کے کچھ اصول چھوڑ سکتا ہے، مگر وہ کبھی بھی اپنی داڑھی اور پگڑی نہیں اتارتا، یہ دونوں اُس کے ایمان کے مقدس حصے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined