
تصویر/آئی اے این ایس
ہندوستان 2026 میں ’برکس‘ کی صدارت کے تحت منگل (18 اگست) کو نئی دہلی میں 12ویں برکس وزرائے ماحولیات کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں ماحولیاتی تعاون، موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے نمایاں طور پر شامل ہوں گے۔ اس اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی بھوپیندر یادو کریں گے۔ اس سے قبل برکس کے سینئر حکام کے ماحولیاتی ورکنگ گروپ کا اجلاس اور موسمیاتی تبدیلی و پائیدار ترقی سے متعلق رابطہ گروپ کے اجلاس منعقد ہوئے۔
وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کے مطابق ہندوستان نے برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے تحت مرکوز شراکت داری کے لیے چند اہم شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں پائیدار طرز زندگی کو فروغ دینا، شجرکاری، جنگلات میں آتش زدگی سے نمٹنے اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، سرکولر اکانومی اور موافقت شامل ہیں۔ ان ترجیحات سے ماحول کے تحفظ کو پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے میں لچک کے ساتھ جوڑنے پر ہندوستان کی توجہ ظاہر ہوتی ہے۔ امید ہے کہ ان مباحثوں سے برکس ممالک کے درمیان پالیسیوں، ٹیکنالوجی، تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے کو بھی فروغ ملے گا۔ ہندوستان کی برکس صدارت کے تحت ہونے والا یہ اجلاس خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ہندوستان اس پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں سے متعلق امور پر تعاون بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ایجنڈے میں موسمیاتی موافقت، ماحولیاتی نظام کی بحالی، وسائل کے مؤثر استعمال اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت جیسے موضوعات شامل ہیں۔
وزارتی سطح کے تبادلۂ خیال سے سینئر حکام اور ورکنگ گروپس کے درمیان جاری بات چیت کو آگے بڑھانے اور ہندوستان کی 2026 کی صدارت کے دوران برکس کے ماحولیاتی ایجنڈے کو مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس سے قبل پیر کو ہندوستان نے بتایا تھا کہ برکس اتحاد ایک اقتصادی مکالمے سے آگے بڑھ کر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنے نقطۂ نظر کو متعین کرنے والے ایک تیزی سے بااثر پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔ ان چیلنجز میں بڑھتی ہوئی آلودگی، حیاتیاتی تنوع کا نقصان اور گلوبل وارمنگ جیسے اہم عالمی مسائل شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت منڈپم میں منعقدہ برکس ماحولیاتی ورکنگ گروپ کے سینئر حکام کے اجلاس کی صدارت وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کے سکریٹری تنمے کمار نے کی۔ اجلاس میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران، روس، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سمیت برکس کے رکن ممالک نے شرکت کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔