قومی خبریں

کم بولنے والے منموہن سنگھ کا کام چیخ رہا ہے، شرح ترقی سب سے زیادہ 10.08 تھی

جی ڈی پی سے متعلق اعداد شمار آخر کار جاری ہو گئے ہیںجن سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ یو پی اے کے دور اقتدار میں شرح ترقی اپنے حدف سے زیادہ تھی جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں یہ حدف سے کم رہی ہے۔

بشکریہ سوشل میڈیا
بشکریہ سوشل میڈیا سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی فائل تصویر

جی ڈی پی سے متعلق جاری نئے تازہ اعداد و شمار نے اس بات پر مہر لگا دی ہے کہ منموہن سنگھ کے دور اقتدار میں ملک کی معیشت نے سب سے تیز رفتار سے ترقی کی۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر حزب اختلاف یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ ان کی خاموشی کی وجہ سے ان کے دور اقتدار میں ملک ہر محاذ پر ناکام رہا اور ملک کی معیشت تباہ ہو گئی لیکن کم بولنے والے منموہن سنگھ کا کام اب چیخ چیخ کے بول رہا ہے۔ جی ڈی پی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال 07-2006 میں حکومت نے جو جی ڈی پی کا حدف رکھا تھا اس سے کہیں زیادہ ترقی کی تھی۔

مالی سال 07-2006 کے دوران ملک کی شرح ترقی 10.08 فیصد تھی جو اقتصادی اصلاحات کے بعد سب سے زیادہ تھی۔ یہ اعداد و شمار منموہن سنگھ کی حکومت نے جاری نہیں کئے ہیں بلکہ یہ اعداد و شمار موجودہ مودی حکومت نے جاری کئے ہیں۔ یہ اعداد و شمارمودی کی اس حکومت نے جاری کئے ہیں جس کے وزیر اعظم دنیا بھر میں یہ کہتے ہیں کہ آزادی کے بعد سے ملک میں کوئی کام ہی نہیں ہوا اور جو بھی کام ہوئے ہیں گزشتہ 4 سالوں میں ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ہوئے ہیں۔ یہاں اس وضاحت کی بھی ضرورت ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ شرح ترقی 10.2 سال 89-1988میں درج کی گئی تھی اور اس وقت وزیراعظم راجیو گاندھی تھے۔

Published: 18 Aug 2018, 10:37 AM IST

نیشل اسٹیٹکس کمیشن کی تشکیل شدہ ’کمیٹی فار ریئل سیکٹر اسٹیٹکس‘ نے گزشتہ سریز (05-2004 کی بنیاد پر جی ڈی پی کے اعداد و شمار تیار کئے ہیں۔ یہ رپورٹ اسٹیٹکس اور پروگرام امپلی منٹیشن کی وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں پرانی سریز(05-2004) اور نئی سریز (12-2011) کی قیمتوں پر مبنی شرح ترقی کا موازنہ کیا ہے۔ پرانی سریز 05-2004 کے تحت مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی شرح ترقی مستحکم قیمت پر07-2006 میں 9.57 فیصد رہی اور اس وقت منموہن سنگھ وزارت عظمٰی پر فائز تھے۔ نئی سریز (12-2011) کے تحت یہ شرح ترقی 10.08 فیصد رہنے کی بات کہی گئی ہے۔

Published: 18 Aug 2018, 10:37 AM IST

سال 1991 میں اس وقت کے وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی قیادت میں اقتصادی اصلاحات معاشی آزاد خیالی کی شروعات ہوئی تھی جس کے بعد یہ ملک کی سب سے زیادہ شرح ترقی ہے۔

رپورٹ کے بعد کانگریس نے ٹوئٹ پر لکھا، ’’جی ڈی پی سریز پر مبنی اعداد و شمار بلآخر جاری ہو گئے ہیں۔ جو ثابت کرتا ہے کہ یو پی اے حکومت کے دوران (اوسطاً 8.1 فیصد) کی شرح ترقی مودی حکومت کے دور اقتدر کی اوسطاً شرح ترقی (7.3 فیصد) سے زیادہ رہی۔‘‘

Published: 18 Aug 2018, 10:37 AM IST

پارٹی نے کہا، ’’یو پی اے حکومت کے دوران شرح ترقی دہائی کے ہندسہ پر رہی جو جدید ہندوستان کی تاریخ میں واحد مثال ہے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق بعد کے سالوں کے لئے بھی جی ڈی پی کے اعداد و شمار میں بھی ترمیم کر کے اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے لئے بہتر ہو گا کہ وہ سابق حکومتوں کے کاموں کی ستائش کرنا شروع کر دیں کیونکہ اعداد و شمار غلط بیانی نہیں کرتے۔

Published: 18 Aug 2018, 10:37 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 18 Aug 2018, 10:37 AM IST