
رام لیلا میدان، تصویر/سوشل میڈیا
قومی راجدھانی دہلی کے رام لیلا میدان میں آج انڈیا اتحاد کی ایک بڑی ریلی منعقد ہونے جا رہی ہے۔ ’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ‘ کے نعرے کے ساتھ منعقد ہونے والی اس ریلی میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنما، کارکنان، طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، راہل گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سمیت کئی بڑے رہنماؤں کی ریلی میں شرکت کا امکان ہے۔ ریلی سے پہلے کناٹ پلیس کے منٹو روڈ جنکشن سے اجمیری گیٹ ہوتے ہوئے رام لیلا میدان تک مارچ نکالا جائے گا۔ دہلی پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور 4,000 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ ریلی ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف منعقد کی جا رہی ہے۔ انڈیا اتحاد کا الزام ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعے ووٹرس کے نام غیر قانونی طور پر فہرستوں سے ہٹائے جا رہے ہیں اور انتخابی عمل کی شفافیت متاثر ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کے 3 اہم مطالبات ہیں: چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ دیں اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والے 2023 کے قانون کو منسوخ کیا جائے، ایس آئی آر پر فوری روک لگا کر ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے نام بحال کیے جائیں اور مستقبل کے تمام انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔