
راجیہ سبھا رکن اور دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر منوج جھا / فائل تصویر / آئی اے این ایس
نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو کئی معاملات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غربت کے خاتمے، بے روزگاری، آمدنی میں عدم مساوات اور کارپوریٹ دنیا سے حکومت کے تعلقات پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اس دعوے پر بھی سوال کیا کہ گزشتہ 12 سے 13 برسوں میں 50 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے باہر آچکے ہیں۔ منوج جھا نے پوچھا کہ اگر اتنی بڑی تعداد میں لوگ غربت سے باہر آگئے ہیں تو پھر انہیں مفت اناج فراہم کرنے کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے؟
وزیر اعظم مودی کے کارپوریٹ انڈیا سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے منوج جھا نے کہا کہ وزیر اعظم کو اقتدار میں آئے 12 برس سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ملک کے مسائل اور نوجوانوں کی ضروریات کو سمجھنے میں اتنا وقت کیوں لگ گیا؟ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی حکومت کارپوریٹ دنیا کے پیسے اور تعاون کی بنیاد پر کامیابیاں حاصل کرتی ہے تو اس کا اثر حکومتی پالیسیوں اور ترجیحات پر بھی پڑسکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی بازار کی مخالف نہیں ہے، لیکن بازار کی سماجی ذمہ داری بھی ہونی چاہیے۔ اگر وزیر اعظم کی حالیہ باتیں اس سوچ میں تبدیلی کا اشارہ ہیں تو اسے صرف تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے حکومتی پالیسیوں اور عملی اقدامات میں بھی دکھائی دینا چاہیے۔
منوج جھا نے وزیر اعظم کے 50 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر لانے کے دعوے کو بے ایمانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اتنی بڑی تعداد میں لوگ غربت سے باہر آچکے ہیں تو انہیں مفت اناج دینے کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟ دونوں باتیں بیک وقت درست نہیں ہوسکتیں۔
انہوں نے حکومت سے دو سوالات کیے۔ پہلا یہ کہ آمدنی میں عدم مساوات کم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ دوسرا یہ کہ ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کے وعدے کے مقابلے میں حقیقتاً کتنے لوگوں کو نوکریاں ملیں؟ ان کے مطابق بے روزگاری اور آمدنی میں عدم مساوات کے معاملے میں حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔
ایس سی او اجلاس میں پاکستان کو مدعو کیے جانے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت اس وقت تک بامعنی نہیں ہوسکتی جب تک وہ ہندوستان کے بنیادی سوالات پر سنجیدہ اقدامات نہیں کرتا۔
پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق راہل گاندھی کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے منوج جھا نے کہا کہ راہل گاندھی نے غلط کیا کہا ہے؟ انہوں نے ایران میں اسکول کی بچیوں اور اسکول پر بمباری کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان کے ردعمل پر سوال اٹھایا تھا۔ منوج جھا کے مطابق اس معاملے میں ہندوستان نے اپنی خارجہ پالیسی کی اخلاقی روایت کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جموں و کشمیر میں اندرونی دہشت گردی ختم ہونے کے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دعوے پر انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، لیکن ان سے توقع ہے کہ ان کے دور میں ملک کا ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔
وزیر اعظم کے بہار دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے منوج جھا نے سوال کیا کہ آخر کس حکومت کی ایک سالہ مدت مکمل ہونے کی بات کی جارہی ہے، جبکہ ریاست میں گزشتہ 20 برسوں سے وہی حکومت اقتدار میں ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری، نقل مکانی، بدعنوانی اور نظم و نسق کے معاملات پر حکومت سے جواب طلب کیا۔
نتیش سیتو کے نام پر تیجسوی یادو کے اعتراضات کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اس نام کے ذریعے نتیش کمار کے پورے سیاسی دور کا خاتمہ ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق زندہ شخصیات کے نام پر اداروں اور اسٹیڈیموں کے نام رکھنے کی روایت وزیر اعظم مودی نے شروع کی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔