قومی خبریں

ہسکر حویلی: نہرو جہاں دولہا بن کر گئے تھے اس کی حالت پر عدالت کو تشویش

1980میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی اپنی والدہ کی حویلی دیکھنے کے لئے آ ر کے دھون اور ایچ کے ایل بھگت کے ساتھ گئیں تھیں اور آدھے گھنٹے کا وقت بھی وہاں گزارا تھا۔

تصویر قومی آواز/وپین
تصویر قومی آواز/وپین 

پرانی دہلی کی وہ حویلی جہاں ملک کے پہلے وزیر اعظم بینڈ باجا اوربارات لے کر اپنی شریک حیات کملا نہرو کو شادی کے بندھن میں باندھنے کے لئے گئے تھے اس کی حالت جو خراب ہے سو ہے لیکن اس میں جو غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں اس پر عدالت نے کہا ہے کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہےاور دہلی پولس اس کافور ی نوٹس لے اور مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ عدالت نے شمالی دہلی کارپوریشن اور دہلی پولس سے کہا کہ وہ جاری غیر قانونی تعمیرات کو معائنہ کریں۔

Published: undefined

ایکٹنگ چیف جسٹس گیتا متل اور جسٹس سی ہری شنکر کی بنچ نے اس معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر ہر طرح کی تعمیراتی کام کوروک دیا جائے۔ بنچ نے کارپوریشن سے بھی جواب طلب کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کیسے ہوئیں۔ واضح رہے کہ اس بلڈنگ کو ہیرٹیج بلڈنگ میں شمار کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

اس ہیرٹیج اور تاریخی حویلی میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کسم سہگل نے عدالت کا دروازہ کھٹ کھٹایا اور ان کے وکیل قیام الدین نے کیس کو ان کی جانب سے عدالت میں پیش کیا ۔ واضح رہے اس بلڈنگ کو سال 1966میں کھنڈیلوال کو فروخت کر دیا گیا تھا جنہوں نے بعد میں ایک بلڈر کو فروخت کر دیا اور اس بلڈر نے بہت تیزی کے ساتھ اور خطرناک انداز میں اس میں غیر قانونی تعمیری کام شروع کر دیا۔ آج کی تاریخ میں حویلی کی حالت بہت خراب اور نازک ہے ۔

عدالت میں پیش کی گئی درخواست میں یہ کہا گیا ہے کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو -کملا نہرو سے شادی کرنے کے لئے پرانی دہلی کے سیتا رام بازار واقع ہسکر حویلی میں8 فروری1916 کو گئے تھے۔ یہ حویلی اتنی خوبصورت ہے کہ کچھ سال پہلے تک اس میں مشاعرے اور موسیقی کے اعلی ترین پروگرام منعقد ہوتے رہے ہیں۔ عوام کو آنند بھون، 10جن پتھ اور ایک صفدر جنگ کے بارے میں تو بہت معلوم ہے لیکن بہت کم لوگوں کو اس حویلی کے بارے میں معلوم ہے جہاں اندرا گاندھی کے والد دولہا بن کر گئے تھے۔ 1980میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی اپنی والدہ کی حویلی دیکھنے کے لئے آ ر کے دھون اور ایچ کے ایل بھگت کے ساتھ آئیں تھیں اور آدھے گھنٹے کا وقت بھی وہاں گزارا تھا۔

تاریخی حوالوں سے پتہ چلتا ہے کہ کشمیری پنڈت 1850سے 1900کے درمیان کشمیر سے آگرہ ، دہلی اور الہ آ باد منتقل ہوئے تھے ۔ جو کشمیری پنڈت منتقل ہوئے تھے ان میں کنزور، ہسکر، ریہو، ڈار، ٹھاکر، زتشی، کاٹجو، کول اور رجنا شامل تھے ۔ کملا نہرو کے آباؤ اجداد بھی اسی دور میں منتقل ہوئے تھے۔ کانگریسی رہنماؤ ں کی خواہش تھی کہ اس حویلی کو اسکول یا لائبریری میں تبدیل کر دیا جائے لیکن اس پر عمل نہیں ہوا اور یہ مشورہ صرف باتوں تک ہی محدود رہا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined