قومی خبریں

ہلدوانی ’شدھی کرن‘ معاملہ: قصورواروں کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر کانگریس کا اتراکھنڈ سکریٹریٹ کی جانب مارچ

گنیش گودیال نے کہا کہ ’’ایک طرف قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے خلاف شکایت پر فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی جاتی ہے، جبکہ اسی معاملے میں دی گئی شکایت پر پولیس کارروائی سے پیچھے ہٹتی نظر آتی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

 

ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں کانگریس کی ریلی کے بعد مبینہ ’شدھی کرن‘ کے خلاف کانگریس کارکنان نے آج دہرادون میں زبردست احتجاج کیا۔ ریاستی صدر گنیش گودیال کی قیادت میں کارکنان نے کانگریس بھون سے ریلی نکال کر سکریٹریٹ کی جانب مارچ کیا۔ سبھاش روڈ پر بیریکیڈنگ کیے جانے کے بعد گودیال، قائد حزب اختلاف یشپال آریہ سمیت سینئر لیڈران اور کارکنان نے بیریکیڈنگ پر چڑھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ اس کے بعد پولیس نے کانگریس کے کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ کانگریس نے ’شدھی کرن‘ کے ذمہ دار قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ ہلدوانی میں 8 اگست کو کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی ریلی کے بعد اسٹیج کے مبینہ ’شدھی کرن‘ کے معاملے پر کانگریس لیڈران اور کارکنان نے دہرادون میں مختلف سطحوں پر احتجاج درج کرایا۔ کانگریس سے وابستہ وفود نے رائے پور تھانہ، نہرو کالونی تھانہ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو شکایتی خطوط سونپ کر معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور قصورواروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

بلاک کانگریس کمیٹی عجب پور کی قیادت میں کارکنان نہرو کالونی تھانے پہنچے اور میمورنڈم پیش کیا۔ کانگریس لیڈران نے کہا کہ کسی قومی لیڈر کے پروگرام کے مقام پر قائم اسٹیج کا مبینہ طور پر ’شدھی کرن‘ کیا جانا سماجی ہم آہنگی، مساوات اور آئینی اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے واقعے سے متعلق ویڈیوز، تصاویر اور دیگر شواہد کی جانچ کر قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب ریاستی کانگریس صدر گنیش گودیال کی ہدایت پر کانگریس کارکنان نے رائے پور تھانے میں بھی تحریری شکایت دی۔ اتراکھنڈ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ویڈیو شیئر کر لکھا کہ ’’ہلدوانی میں ایس ایس پی دفتر پہنچ کر قائد حزب اختلاف یشپال آریہ نے کانگریس کے ایک وفد کے ساتھ رام لیلا میدان میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی ریلی کے بعد ہوئے ’شدھی کرن‘ کے معاملے میں غیر جانب دارانہ تحقیقات اور فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔‘‘

گنیش گودیال نے کہا کہ ’’ایک طرف قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے خلاف شکایت پر فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی جاتی ہے، جبکہ اسی معاملے میں دی گئی شکایت پر پولیس کارروائی سے پیچھے ہٹتی نظر آتی ہے۔ قانون کے دوہرے معیار سے جمہوریت اور نظام انصاف پر سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔‘‘ ’ایکس‘ پوسٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے واضح مطالبات ہیں کہ ’’شکایت کی غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ کسی بھی قسم کے امتیاز یا اقتدار کے دباؤ سے آزاد ہو کر انصاف کو یقینی بنایا جائے اور انصاف کی بنیاد امتیاز نہیں بلکہ آئین ہونی چاہیے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔