جی ایس ٹی کونسل میٹنگ کا منظر، تصویر @FinMinIndia
ہندوستان میں گُڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اصلاح کرنے اور اس کو مدلل بنانے کی سمت میں کام کرنے والے وزراء کے گروپ (جی او ایم ) نے اپنی رپورٹ جی ایس ٹی کونسل کو سونپنے میں تاخیر کر دی ہے۔ یہ رپورٹ 148 اشیاء پر ٹیکس کی شرح میں بدلاؤ کی تجویز پیش کرتی ہے۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور جی او ایم کے کنویز سمراٹ چودھری نے کہا کہ ’’رپورٹ اب کونسل کی اگلی میٹنگ میں پیش کی جائے گی۔‘‘ یہ رپورٹ مختلف ٹیکسٹائل، سائیکل اور دیگر اشیاء پر جی ایس ٹی شرحوں میں تبدیلی کی تجویز پیش کرتی ہے۔
Published: undefined
وزراء کے گروپ نے مختلف اشیاء پر شرحوں کو معقول اور مناسب بنانے کی سفارش کی ہے۔ نقصان دہ مشروبات اور تمباکو مصنوعات پر ٹیکس کی شرح 28 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جبکہ کپڑوں کے حوالے سے تجویز کی گئی ٹیکس کی نئی شرحیں ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں:
1500 روپے تک کے کپڑوں پر 5 فیصد جی ایس ٹی۔
1500 روپے سے 10000 روپے تک کے کپڑوں پر 18 فیصد جی ایس ٹی۔
10000 روپے سے زیادہ قیمت والے کپڑوں پر 28 فیصد جی ایس ٹی۔
ساتھ ہی 15000 روپے سے زیادہ کے جوتوں اور 25000 روپے سے زیادہ کے گھڑیوں پر ٹیکس کی شرح کو 18 فیصد سے بڑھا کر 28 فیصد تک کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
Published: undefined
جی او ایم نے کچھ ضروری اشیاء پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ پیکڈ پینے کا پانی (20 لیٹر یا اس سے زیادہ) پر جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 10000 روپے سے کم قیمت والی سائیکل اور ایکسرسائز نوٹ بُک پر بھی جی ایس ٹی کی شرح کو 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ جی ایس ٹی کا موجودہ ڈھانچہ 4 سلیب (5 فیصد، 12 فیصد، 18 فیصد اور 28 فیصد) پر مشتمل ہے۔ لگژری اور ڈی میرٹ اشیاء پر 28 فیصد ٹیکس لگایا جاتا ہے جبکہ ضروری اشیاء پر 5 فیصد ٹیکس لگایا جاتا ہے۔ مجوزہ تبدیلیاں ٹیکس کے نظام کو آسان بنانے اور ریونیو بڑھانے کی جانب اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔
Published: undefined
ٹیکس کی شرح میں اضافے سے حکومت کو مزید ریونیو ملے گا لیکن اس سے زیادہ قیمتی اشیاء کی مانگ میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ضروری اشیاء پر ٹیکس کم کرنے سے عام لوگوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔ حکومت کا یہ قدم ٹیکسٹائل اور ضروری اشیاء کی مارکیٹ میں مقابلے کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ واضح ہو کہ جی ایس ٹی کونسل کی اگلی میٹنگ میں ان ہی تجاویز پر غور و خوض کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ دیکھا جائے گا کہ شرح ٹیکس میں کی گئی ان تبدیلیوں کو کس طرح نافذ کیا جائے گا اور ان کے معاشی و سماجی اثرات کیا مرتب ہوں گے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ جی ایس ٹی کونسل کی اس 55ویں میٹنگ میں کئی بڑے چہرے شامل رہے۔ ان میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ ساتھ وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، جموں و کشمیر، گوا، ہریانہ، اڈیشہ، میگھالیہ کے وزرائے اعلیٰ اور اروناچل پردیش، بہار، مدھیہ پردیش، تلنگانہ کے نائب وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کئی ریاستوں کے وزرائے خزانہ، ریونیو سکریٹریز اور سی بی آئی سی کے چیئرمین بھی اس میٹنگ میں موجود رہے۔ نیز اس میٹنگ میں وزارت خزانہ کے کئی سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined