
بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے حکومت پر گزشتہ سال کسانوں کے لیے وقت پر کھاد اور بیج کا بندوبست نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ اس مرتبہ بارش سے پہلے کسانوں کے لئے وقت پر کھاد وبیج کا انتظام یقینی بنائیں۔
کمل ناتھ نے ٹوئٹ کیا کہ مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی کسان خریف کی بوائی شروع کر دیں گے، لیکن اب تک کھاد اور بیج کی دستیابی کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے۔ کسانوں کے لیے گزشتہ برسوں کا تجربہ تلخ رہا ہے کیونکہ بی جے پی حکومت نہ تو کھاد اور نہ ہی بیج وقت پر فراہم کرا پائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگی کھاد و بیج خریدنا پڑتا ہے جو بعض اوقات جعلی ہوتی ہے۔ حکومت ریاست وار اور ضلع وار اعداد و شمار جاری کرے اور بتائے کہ کھاد کے بیج کی دستیابی کے حوالے سے حکومت کی کیا تیاری ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے لیے کھاد اور بیج کے انتظامات کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور تقسیم کے عمل کو آسان، شفاف اور جوابدہ بنایا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔