
جموں: پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول پر اضافے کے مدنظر حکومت نے راجوری اور پونچھ اضلاع کے لئے اضافی 400 بنکروں کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔
حکومت نے ان بنکروں کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے اور دیہی ترقی محکمے کے ذریعے ڈپٹی کمشنروں کے لئے رقومات دستیاب رکھی گئیں ہیں یہ بنکر اگلے ایک ماہ کے اندر تعمیر کیے جائیں گے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ بنکر سرحد پار شیلنگ کے موقعہ پر کار آمد ثابت ہوتے ہیں اور لوگوں کو محفوظ رہائشی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کی پاکستان سے ہندوستان واپسی کے بعد بھی سرحد پر تناؤ برقرار ہے۔ سرحد کے دونوں جانب جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اس دوران گولہ باری کی وجہ سے جان و مال کا کافی نقصان ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق 27 فروری کو ہندوستان کی طرف سے سرحد پار کے بالاکوٹ میں کی گئی فضائیہ کارروائی کے اگلے ہی دن پاکستان کی جانب سے 15 مقامات پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، اس دوران ہندوستان کی طرف سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سرحد پار ہندوستانی کارروئی کے بعد پاکستان اپنی فوج کو سرحد کے نزدیک جمع کر رہا ہے۔ سرحد پر اس طرح فوج کو جمع کرنا اشتعال انگیز اقدام کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے ہر چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہندوستان خود کو پوری طرح تیار کر رہا ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔