
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن / آئی اے این ایس
نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری جنگ اور اس کے عالمی اثرات کے درمیان ملک میں لاک ڈاؤن کی افواہوں نے عوام میں بے چینی پیدا کر دی تھی، تاہم مرکزی حکومت نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں کسی بھی طرح کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب وزیر اعظم نریندر مودی نے چند روز قبل پارلیمنٹ میں عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ جنگی صورتحال کے اثرات طویل مدت تک برقرار رہ سکتے ہیں اور دنیا کو کورونا جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے اس بیان کو بعض حلقوں نے ممکنہ لاک ڈاؤن سے جوڑ دیا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔
Published: undefined
ادھر مغربی ایشیا میں کشیدگی کے سبب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت محدود کیے جانے کی خبروں نے بھی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل اور گیس کی فراہمی متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کا اثر ہندوستان میں بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔ کئی شہروں میں پیٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں جبکہ ایل پی جی کی ممکنہ قلت کی خبریں بھی سامنے آئیں۔
حکومت نے ان خدشات کے درمیان جمعہ کے روز واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق تمام باتیں محض افواہیں ہیں۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی افراد کی جانب سے ایسی بے بنیاد باتیں پھیلانا تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران جیسے حالات تھے، ویسا کوئی لاک ڈاؤن اب نہیں لگایا جائے گا اور عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
Published: undefined
اسی سلسلے میں وزیر کیرن رجیجو نے بھی کہا کہ یہ واضح نہیں کہ ایسی افواہیں کون پھیلا رہا ہے، جبکہ وزیر اعظم پہلے ہی عوام سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ کسی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی کو ہر حال میں روکا جائے اور ایسی کوئی صورتحال پیدا نہ ہونے دی جائے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیلے۔
پٹرولیم کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بھی عوام کو یقین دلایا کہ ملک میں ایندھن کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کمی کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری خوف پیدا کرنے سے گریز کیا جائے اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے۔
Published: undefined
حکومت نے مجموعی طور پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں، نہ ہی گھبراہٹ میں آ کر ایندھن یا گیس کا غیر ضروری ذخیرہ کریں۔ حکام کے مطابق حالات پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور ملک میں ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مرکز اور ریاستیں مل کر کام کر رہی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined