قومی خبریں

’ملک کی آواز اٹھانے والوں کی ہی آواز دبا رہی مودی حکومت‘، 12 اراکین پارلیمنٹ کی معطلی پر ملکارجن کھڑگے ناراض

کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری اقدار کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہی ہے، جو لوگ ملک کے شہریوں کی آواز اٹھاتے ہیں حکومت انہی کی آواز دبا رہی ہے۔

کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے / یو این آئی
کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے / یو این آئی JAMAL AKHAR

راجیہ سبھا کے 12 اراکین پارلیمنٹ کو پورے سرمائی اجلاس کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس پر رد عمل دیتے ہوئے کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ پارلیمانی روایت اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ تکبر والی حکومت نے ایسا اراکین پارلیمنٹ کے درمیان خوف پیدا کرنے کے لیے کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 12 اراکین پارلیمنٹ کے خلاف قرارداد لانا پوری طرح غیر قانونی اور ضابطوں کے خلاف ہے۔ کھڑگے کا کہنا ہے کہ جس ہنگامہ کے لیے اراکین پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا ہے، وہ گزشتہ سیشن میں ہوا تھا، تو کارروائی بھی اسی سیشن کے لیے ہونی چاہیے تھی۔

Published: undefined

غور طلب ہے کہ معطل اراکین پارلیمنٹ میں کانگریس، ترنمول کانگریس، سی پی ایم، سی پی آئی اور شیوسینا کے اراکین پارلیمنٹ ہیں۔ ان میں تنہا کانگریس کے 6 اراکین پارلیمنٹ ہیں۔ ان میں سید ناصر حسین، اکھلیش پرتاپ سنگھ، پھولو دیوی نیتام، چھایا ورما، رپن بورا اور راج منی پٹیل شامل ہیں۔ ان کے علاوہ شیوسینا کی پرینکا چترویدی اور انل دیسائی، سی پی ایم کے ایلمرم کریم، سی پی آئی کے ونے وشوم، ٹی ایم سی کے شانتا چھیتری اور ڈولا سین شامل ہیں۔

Published: undefined

ترنمول رکن پارلیمنٹ ڈولا سین نے بھی اسے تاناشاہی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پوری طرح تاناشاہی پر اتر آئی ہے۔ ڈولا سین نے اسے جمہوریت اور آئین پر حملہ بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے کسانوں اور عام شہریوں کی آواز اٹھائی، اس لیے ایسی کارروائی کی گئی ہے۔‘‘

Published: undefined

دوسری طرف ترنمول کی ہی شانتا چھیتری نے کہا کہ راجیہ سبھا نے یہ کارروائی اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو بتائے بغیر اچانک ہی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں ملک کے لیے آواز اٹھانے کی سزا دی گئی ہے۔ پبلک سب جانتی ہے کہ یہ تاناشاہی ہے۔‘‘

Published: undefined

شیوسینا رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے بھی ضابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے اسے غیر قانونی بتایا ہے۔ انھوں نے رول بک کا ایک صفحہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ رول 256 کے حساب سے ایک سیشن میں کیے گئے کسی عمل کے لیے رکن پارلیمنٹ کو اگلے سیشن سے معطل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’بزنس ایڈوائزری کمیٹی سے الگ ایجنڈا لے جانے کی حکومت کی کوشش کی مخالفت کرنے اور کسانوں کی آواز اٹھانے کے لیے یہ کارروائی کی گئی ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined