علامتی تصویر / سوشل میڈیا
حکومت ہند نے کینسر کے مریضوں کے حوالے سے ایک بہترین فیصلہ لیا ہے جس کی وجہ سے ان مریضوں کو کافی راحت ملنے کی امید ہے۔ دراصل حکومت ہند نے انسداد کینسر کی 3 ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ جانکاری کیمیکل اور فرٹیلائزر کی مرکزی وزیر مملکت انوپریہ پٹیل نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں دی۔ انہوں نے ایک تحریری جواب میں کہا کہ ’’حکومت نے ٹراسٹوزوماب ڈیرکسٹیکن، اوسیمرٹینیب اور ڈروالوماب نامی ادویات پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) کم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ان ادویات پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی (بی سی ڈی) کو صفر کر دیا گیا ہے اور جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کر دی گئی ہے۔‘‘
Published: undefined
مرکزی وزیر نے کینسر کی ادویات کی قیمت کے متعلق مزید کہا کہ ’’اس قدم کا اصل مقصد کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا افراد کو مالی ریلیف فراہم کرنا اور ان ادویات کی رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔‘‘ مرکزی وزیر کے مطابق حکومت کی جانب سے لیے گئے فیصلے کے متعلق ادویہ ساز کمپنی کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں نے حکومت ہند کے فیصلہ پر عمل کرتے ہوئے ادویات کی ایم آر پی میں کمی کر دی ہے۔ ساتھ ہی حکومت ہند کے اس فیصلے کے بارے میں نیشنل فارماسیوٹیکل پرائسنگ اتھارٹی (این پی پی اے) کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ این پی پی اے نے حکومت ہند کے فیصلے پر فوری طور پر عمل کرتے ہوئے ایک میمورنڈم جاری کرتے ہوئے تمام کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ ’’وہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی اور کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ کی وجہ سے ادویات کی قیمت میں کمی کریں، تاکہ کینسر کے مریضوں کو اس ریلیف کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔ مثال کے طور پر آسٹرا زینیکا فارما انڈیا لمیٹڈ نے اپنے کئی فارمولیشن کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔‘‘
Published: undefined
مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل کے مطابق آسٹرا زینیکا نے اپنے خط میں لکھا کہ بی سی ڈی کے صفر ہونے کی وجہ سے ادویات کی قیمتوں میں کمی تب لاگو ہوگی جب اسٹاک کو بازار میں کمرشیل فروخت کے لیے جاری کیا جائے گا۔ اس فیصلہ کے بعد ادویات کی قیمتوں میں مزید کمی آ جائے گی۔ کینسر سے متعلق ادویات کی قیمتوں میں کمی لانا اس لیے ضروری ہے کہ ہندوستان جیسی کثیر آبادی والے ملک میں اس مہلک مرض میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ معروف عالمی طبی جریدہ ’لانسیٹ‘ کی ایک تحقیق کے مطابق سال 2019 میں ہندوستان میں تقریباً 19 لاکھ نئے کینسر کے معاملے درج کیے گئے تھے جن میں سے 9.3 لاکھ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ کینسر میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں ہندوستان ایشیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined