جگدیپ دھنکھڑ (فائل)، تصویر آئی اے این ایس
سابق نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے اچانک عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد اب سرکاری رہائش بھی خالی کر دیا ہے۔ اب وہ جنوبی دہلی کے چھترپور علاقہ میں واقع ایک پرائیویٹ فارم ہاؤس میں منتقل ہو گئے ہیں۔ وہ اب تک پارلیمنٹ ہاؤس کے پاس نائب صدر انکلیو میں رہ رہے تھے۔ خبروں کے مطابق چھترپور کے گدائی پور علاقہ میں واقع یہ فارم ہاؤس آئی این ایل (انڈین نیشنل لوک دل) کے لیڈر ابھے چوٹالہ کا ہے۔ ایک افسر نے بھی خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ جگدیپ دھنکھڑ عبوری انتظام کے تحت اس فارم ہاؤس میں تب تک رہیں گے جب تک انہیں ٹائپ-8 کی سرکاری رہائش الاٹ نہیں کر دی جاتی۔
Published: undefined
ہندی نیوز پورٹل ’دینک بھاسکر‘ کے مطابق ابھے چوٹالہ نے بتایا کہ ہمارے خاندان کے دھنکھڑ جی سے پرانے رشتے ہیں۔ ہم نے ان سے اپنے گھر میں رہنے کی گزارش کی جسے انہوں نے قبول کر لی۔ واضح ہو کہ دھنکھڑ اور چوٹالہ خاندان کے قریب 40 سال پرانے رشتے ہیں۔ دھنکھڑ ہریانہ کے جاٹ لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ چودھری دیوی لال کو اپنا سیاسی گرو مانتے ہیں۔ 1989 لوک سبھا انتخاب میں دیوی لال نے دھنکھڑ کو جھنجھنو سیٹ سے ٹکٹ دیا تھا۔ جیت حاصل کرنے کے بعد جب دیوی لال نائب وزیر اعظم بنے تو دھنکھڑ کو بھی سرکار میں وزارت کا عہدہ ملا۔ حالانکہ جب وی پی سنگھ نے دیوی لال کو کابینہ سے باہر کیا تو دھنکھڑ واحد وزیر تھے جنہوں نے مخالفت میں استعفیٰ دیا تھا۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے روز (21 جولائی) کو جگدیپ دھنکھڑ نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا، اس کے بعد سے ہی وہ گمشدگی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ دھنکھڑ کے غائب رہنے پر اپوزیشن نے ہاؤس اریسٹ جیسے کئی الزامات عائد کیے تھے۔ بطور نائب صدر جمہوریہ ان کی مدت کار 10 اگست 2027 کو ختم ہونی تھی۔ ان کے اچانک استعفیٰ کے بعد نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو ہونے والا ہے۔ اس کے لیے حکمراں طبقہ نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ اپوزیشن نے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو نائب صدر جمہوریہ کا امیدوار منتخب کیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: ویڈیو گریب