قومی خبریں

آسام اور اڈیشہ میں سیلاب نے کیا بے حال، گجرات میں سبھی اسکول بند، دہلی سمیت 20 ریاستوں میں بارش کا الرٹ

اڈیشہ میں مسلسل بارش کے باعث سیلاب کی صورت حال سنگین بنی ہوئی ہے، جبکہ آسام میں اب تک 78 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 3 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں۔ امدادی کیمپوں میں ہزاروں لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>سیلاب زدہ علاقے، آئی اے این ایس</p></div>

سیلاب زدہ علاقے، آئی اے این ایس

 

ہندوستان میں مانسون نے اپنی رفتار پکڑ لی ہے اور اگلے چند دن کئی ریاستوں کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 31 جولائی سے 5 اگست تک دہلی-این سی آر سمیت مختلف ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں آج، یعنی جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ گجرات میں ریڈ الرٹ کے درمیان اسکول بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ اڈیشہ اور آسام میں سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہیں۔

ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جموں و کشمیر، لداخ کے علاقوں میں 5 اگست تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں بھی 31 جولائی سے 4 اگست تک شدید بارش کا سلسلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں بھی اگلے 5 دنوں تک بارش کی سرگرمیاں تیز رہیں گی۔ خاص طور پر ودربھ اور مغربی مدھیہ پردیش میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال اور سکم میں مانسون انتہائی فعال رہنے والا ہے۔ بہار میں 5 اگست تک مسلسل بارش ہونے کی پیش گوئی ہے، جبکہ اڈیشہ، مغربی بنگال اور سکم کے کئی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔

دیگر مقامات کی بات کریں، تو اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 5 اگست تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کونکن-گوا، سوراشٹر-کچھ، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور لکشدیپ میں بھی اگلے 5 دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تلنگانہ اور ساحلی کرناٹک کے کچھ علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ڈی نے گجرات کے کئی اضلاع میں 31 جولائی سے 2 اگست تک انتہائی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ سورت، احمد آباد، ودودرا، بھروچ، تاپی، ڈانگ، نرمدا سمیت کئی اضلاع میں ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام ضلع کلکٹرز اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے۔ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو تعینات رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کئی اضلاع میں جمعہ کو اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

دوسری طرف اڈیشہ میں مسلسل بارش کے باعث سیلاب کی صورت حال سنگین بنی ہوئی ہے۔ بالاسور، بھدرک، جاجپور اور میور بھنج سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ اب تک 1.65 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 6 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔ مہاندی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ آسام میں بھی سیلاب کا اثر جاری ہے۔ ریاست میں اب تک 78 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 3 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں۔ امدادی کیمپوں میں ہزاروں لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آسام، اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے کچھ حصوں میں اگلے 3 دنوں تک شدید بارش اور آندھی طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔