بہار میں ایس آئی آر، تصویر سوشل میڈیا
بہار میں اسمبلی انتخاب سے عین قبل کرائی گئی ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے بعد الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج ووٹرس کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن نے یہ جانکاری اپنی ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کر دی ہے جہاں ووٹرس اپنی اپنی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ فائنل ووٹر لسٹ میں 14 لاکھ نئے ووٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کوئی بھی ووٹر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ (https://voters.eci.gov.in/) پر دیے گئے لنک کے ذریعے اپنی تفصیل ووٹر لسٹ میں دیکھ سکتا ہے۔
Published: undefined
الیکشن کمیشن کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق اگر کسی ووٹر کا نام لسٹ میں شامل ہونے سے چھوٹ گیا ہے تو نامزدگی کی آخری تاریخ سے 10 دن قبل تک اسے دوبارہ شامل کرایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے فارم 6 بھرنا ہوگا۔ حتمی ووٹر لسٹ کی کاپی تمام ضلع مجسٹریٹ 12 تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کو آج ہی فراہم کریں گے اور اس کی فوٹوگرافی بھی ہوگی۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے کے بعد 24 جون کو بہار میں مجموعی طور پر 7.89 کروڑ ووٹرس تھے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے سے پہلے 65 لاکھ ووٹرس کے نام کاٹ دیے گئے، جس کے بعد نئی لسٹ میں 7.24 کروڑ ووٹرس رہ گئے۔ ڈرافٹ لسٹ میں 4 لاکھ نااہل ووٹرس کو ہٹا دیا گیا، جبکہ فارم 6 کے ذریعے 21 لاکھ اہل ووٹرس کو شامل کیا گیا۔ اب 30 ستمبر کو کمیشن کی جانب سے جاری فائنل لسٹ میں 7.41 کروڑ ووٹرس شامل کیے گئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس ڈاٹا میں آنے والے کچھ دنوں میں معمولی تبدیلی ہو سکتی ہے، کیونکہ چھوٹ گئے ناموں کو جوڑنے کے لیے ابھی کافی وقت موجود ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ بہار میں 22 سال کے طویل وقفہ کے بعد ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی ہوئی اور اب حتمی ووٹر لسٹ سامنے آ گئی ہے۔ ایس آئی آر کے بعد ڈرافٹ لسٹ یکم اگست کو شائع کی گئی تھی اور پھر یکم ستمبر تک عوام اور سیاسی پارٹیوں کے دعوے و اعتراضات لیے گئے۔ حالانکہ اپوزیشن پارٹیوں نے انتخابات سے عین قبل ایس آئی آر کی اس مشق کی سخت تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ اس سے کروڑوں حقیقی شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا کہ وہ کسی بھی اہل شہری کو ووٹر لسٹ سے باہر نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی نااہل شخص کو لسٹ میں شامل ہونے دے گا۔
Published: undefined
بہرحال، اب سبھی کو الیکشن کمیشن کے ذریعہ بہار اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیے جانے کا انتظار ہے۔ 243 اراکین پر مشتمل بہار اسمبلی کی میعاد 22 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ حتمی ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آئندہ ہفتہ انتخابی پروگرام کا اعلان کر دے گا۔ اس اعلان سے قبل الیکشن کمیشن 4 اور 5 اکتوبر کو پٹنہ کا دورہ کر کے بہار میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لے گا۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ چھٹھ پوجا کے فوراً بعد اکتوبر کے آخر میں ہو سکتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined