قومی خبریں

میکلوڈ گنج میں بھی جوشی مٹھ جیسے حادثہ کا خدشہ، دھرمشالہ روٹ پر 4 سے 6 انچ کے کئی شگاف

کاروباریوں کا کہنا ہے کہ دھرمشالہ سے میکلوڈ گنج بذریعہ کھڑا ڈنڈا مارگ جانے والے راستہ کی مرمت نہیں کی گئی تو کبھی بھی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

 

اتراکھنڈ کے چمولی ضلع کا جوشی مٹھ 2023 میں خوب سرخیوں میں رہا تھا۔ یہاں زمین دھنسنے اور گھروں میں پڑنے والے شگافوں نے حکومت سے لے کر انتظامیہ تک کی نیندیں اڑا دی تھیں۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑا تھا۔ اب ہماچل پردیش کے میکلوڈ گنج میں بھی کچھ ایسے ہی حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ یہاں دھرمشالہ-میلوڈ گنج سڑک پر جگہ جگہ 4 سے 6 انچ کے کئی شگاف دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

Published: undefined

کاروباریوں کا کہنا ہے کہ دھرمشالہ سے میکلوڈ گنج بذریعہ کھڑا ڈنڈا مارگ جانے والے راستہ کی مرمت نہیں کی گئی تو کبھی بھی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ کئی بار انتظامیہ کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا گیا، لیکن کوئی حل نہیں نکل سکا۔ اب تو مسئلہ مزید بڑھ گیا ہے۔ کاروباریوں کے مطابق یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انتظامیہ بھی سڑک کی مرمت کے لیے شاید بڑے حادثے کا انتظار کر رہی ہے۔

Published: undefined

کھڑا ڈنڈا سڑک پر ایک سے دو کلومیٹر کے احاطہ میں جگہ جگہ شگافیں پڑی ہوئی نظر آتی ہیں۔ ساتھ ہی کئی گڈھے بھی موجود ہیں۔ باہری ریاستوں سے آنے والے سیاح چھوٹا راستہ لینے کی کوشش میں اس سڑک پر گاڑی لے کر پہنچتے تو ہیں، لیکن اس کا خمیازہ انھیں گاڑیوں کے نقصان کی شکل میں بھگتنا پڑتا ہے۔ یہی نہیں، اس راستے پر سڑک کنارے کی گئی غیر منظم پارکنگ بھی بڑا مسئلہ ہے۔ پہلے ہی روڈ بدحال ہیں، اس پر سڑک کنارے کھڑی گاڑیاں مسئلہ کو چار گنا کر رہی ہیں۔

Published: undefined

ہوٹل اینڈ ریسٹورینٹ ایسو سی ایشن اسمارٹ سٹی دھرمشالہ کے سینئر نائب سربراہ اشوک پٹھانیا کہتے ہیں کہ بارش سے پہلے بدحال سڑکوں کی حالت بہتر کی جانی چاہیے، ورنہ ایسا نہ ہو کہ اوپری علاقہ ضلع ہیڈکوارٹر سے کٹ جائے۔ انھوں نے کہا کہ بھاگسوناگ، دھرمکوٹ، میکلوڈ گنج، نڈی سے گزرنے والے کھڑا ڈنڈا سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے۔ میکلوڈ گنج کے لیے مجوزہ راستوں کا کام کچھوے کی رفتار سے چل رہا ہے۔ بدحال سڑکوں پر اکثر چھوٹے بڑے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے، مزید پریشانی پارکنگ کے مسئلہ سے بڑھ جاتی ہے۔ سیاح بھی یہاں آ کر خود کو ٹھگا ہوا سا محسوس کرتے ہیں۔

Published: undefined

دراصل دھرمشالہ آج بھی ’سسمک زون 5‘ کے تحت آتا ہے اور دھرمشالہ کے کوتوالی بازار سے لے کر گلوبل سٹی میکلوڈ گنج تک جگہ جگہ زمین لگاتار کئی سالوں سے دھنستی جا رہی ہے۔ کئی مرتبہ تو اس دھنستی ہوئی زمین میں دو پہیہ گاڑیاں اور چار پہیہ گاڑیاں بھی حادثہ کا شکار ہو چکی ہیں۔ نتیجتاً اس پر پھر سے بحث شروع ہو گئی ہے کہ آخر اس کی وجہ کیا ہے، اور اسے روکا کس طرح جائے۔ اس سلسلے میں سنٹرل یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر اور ماہر ارضیات امریش کمار مہاجن نے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ باڈیا انسٹی ٹیوٹ میں تحقیق کر رہے تھے، تو اخذ کیا کہ دھرمشالہ میکلوڈ گنج کی مٹی گیلی مٹی میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کی سب سے بڑی وجہ یہاں کا خراب ڈرینیج سسٹم ہے۔ اس کے علاوہ اب تک سیویج کا انتظام بھی صحیح طریقے سے نہیں کیا گیا ہے۔ نتیجتاً دھرمشالہ میں کوتوالی بازار سے لے کر دلائی لاما کھڑا ڈنڈا روڈ، چولا، چاندماری، میکلوڈ گنج سمیت کئی علاقوں میں لگاتار زمین کا دھنسنا جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ 1998 میں انھوں نے تحقیق کے دوران پایا تھا کہ یہاں 28 ایسے مقامات ہیں جو کبھی بھی دھنس سکتے ہیں، اور وہ سب کے سب لینڈ سلائڈنگ کی زد میں ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined