قومی خبریں

’سبھی اورنگ زیب کی قبر منہدم کرنا چاہتے ہیں، لیکن...‘، وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اورنگ زیب مخالفین کو حقائق سے کیا آشنا

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا کہنا ہے کہ اورنگ زیب کی قبر اے ایس آئی کے تحت ایک محفوظ اسمارک ہے، اس لیے منہدم نہیں کیا جا سکتا۔ ایسا صرف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہی کیا جا سکتا ہے۔

دیوندر فڑنویس
دیوندر فڑنویس 

سماجوادی پارٹی کے معروف لیڈر اور مہاراشٹر کی سیاست کا ایک بڑا نام ابو عاصم اعظمی نے جب سے مغل بادشاہ اورنگ زیب کی تعریف میں بیان دیا ہے، ریاست کا سیاسی پارہ بڑھا ہوا ہے۔ لگاتار ابو عاصم اعظمی کی تنقید ہو رہی ہے اور ساتھ ہی اورنگ زیب کی قبر کو منہدم کرنے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک بیان میں وضاحت پیش کی ہے کہ آخر اورنگ زیب کی قبر کو منہدم کرنا کیوں مشکل ہے۔

Published: undefined

وزیر اعلیٰ نے ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سبھی لوگوں کو لگتا ہے چھترپتی سنبھا جی نگر (پرانا نام اورنگ آباد) سے مغل بادشاہ اورنگ زیب کی قبر کو منہدم کر دیا جائے۔ حالانکہ ایسا کرنا صرف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔‘‘ دیویندر فڑنویس کا کہنا ہے کہ اورنگ زیب کی قبر اے ایس آئی (آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا) کے تحت ایک محفوظ اسمارک (یادگار) ہے۔ کانگریس کی مدت کار میں اس قبر کو اے ایس آئی کا تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔ اس لیے قبر کو منہدم کرنا آسان نہیں ہے، اس کے لیے قانونی راستہ ہموار کرنا ہوگا۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ چھترپتی سنبھاجی نگر ضلع میں واقع اورنگ زیب کی قبر کو منہدم کرنے کا مطالبہ بی جے پی کے ستارا سے رکن پارلیمنٹ ادین راجے بھوسلے نے کی تھی۔ اسی کے جواب میں وزیر اعلیٰ فڑنویس نے وضاحت کی اور اورنگ زیب مخالفین کو حقائق سے آشنا کرایا۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم سبھی ایک ہی بات مانتے ہیں، لیکن کچھ بھی قانون کے تحت ہی کیا جانا چاہیے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined