قومی خبریں

کشمیر میں موسم خشک مگر سردیوں کا زور برقرار

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اگرچہ منگل کو بھی موسم خشک ہی رہا لیکن شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے لوگ شدید سردی سے ٹھٹھرتے رہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ اپنے طاقت کا بھر پور مظاہرہ کر رہا ہے جس کے باعث لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔ جہاں حالیہ دنوں ہونے والی بھاری برف سے شہر و گام میں معمولات زندگی ہنوز پٹری پر پوری طرح نہیں آئے ہیں، وہیں سردیوں کا زور برابر جاری رہنے سے لوگوں بالخصوص مریضوں، عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا بہت ہی برا حال ہے۔

Published: undefined

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اگرچہ منگل کو بھی موسم خشک ہی رہا لیکن شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے سے لوگ شدید سردی سے ٹھٹھرتے رہے۔ متعلقہ محکمے کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 18 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ ادھر وادی کشمیر کا ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ منگل کو دوسرے دن بھی مسلسل منقطع ہی رہا۔

Published: undefined

بتادیں کہ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو اتوار کی شام اس وقت ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کر دیا گیا جب رام بن میں کیلا پل کے نزدیک شاہراہ کا ایک حصہ ڈھہ گیا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو قابل آمد ورفت بنانے میں کم سے کم پانچ دن لگ جائیں گے۔

Published: undefined

وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ قومی شاہراہ کو سال رواں کے یکم جنوری سے بند کر دیا گیا ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ بھی گزشتہ ایک ماہ سے بند ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Published: undefined

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ وادی کا سرد ترین مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined