قومی خبریں

دیوالی کا تہوار ماتم میں تبدیل! آتشزدگی کے مختلف واقعات میں تقریباً 30 افراد جاں بحق

مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے 2 بڑے واقعات میں 11 افراد کی موت ہوگئی۔ مہاراشٹر کے دھاراشیو میں بھی آتشزدگی کے سبب ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

 

دیوالی کا تہوار ملک بھر میں روشنیوں، خوشیوں اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، لیکن کئی خاندانوں کے لیے یہ تہوار ایسا درد دے گیا جسے وہ کبھی بھلا نہیں سکیں گے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں آگ لگنے اور پٹاخوں سے متعلق حادثات نے کئی لوگوں کی جان لے لی۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی میں آتشزدگی کے 2 بڑے واقعات میں 11 افراد کی موت ہوگئی۔ مہاراشٹر کے دھاراشیو میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسی طرح اڈیشہ، آسام، راجستھان، دہلی اور ممبئی سے بھی آگ لگنے اور دیگر حادثات میں ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ مہاراشٹر میں تو آتشزدگی کے کم از کم 70 واقعات پیش آئے ہیں، جن میں پمپری چنچواڑ میں ہی تقریباً 50 مقامات پر آگ لگی ہے۔ ان حادثات میں مجموعی طور پر تقریباً 30 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔

بہرحال، مدھیہ پردیش کے ضلع کٹنی کے برہی میں دیوالی کی رات تقریباً 12 بجے پورن اگروال کی کراکری کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے 3 منزلہ عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔ مکان میں موجود خاندان کے افراد کو باہر نکلنے تک کا موقع نہیں ملا۔ اس حادثہ میں 77 سالہ پورن اگروال، ان کی اہلیہ چندرکلا، بہو پونم، 14 سالہ آریہ، 6 سالہ انوی اور 2 ماہ کے معصوم بچے کی موت ہو گئی۔ رات بھر جاری رہنے والے امدادی آپریشن کے دوران صبح تقریباً 4.30 پورن اگروال کو باہر نکالا گیا۔ اس کے بعد صبح 6.30 بجے جے سی بی کی مدد سے دیوار توڑ کر خاندان کے دیگر 5 افراد کو باہر نکالا گیا۔

دوسری جانب ضلع سیونی کے چھپارا واقع جین محلے میں صرافہ تاجر کندن سونی کے مکان میں پیر کی علی الصبح تقریباً 3 بجے آگ لگ گئی۔ اس حادثہ میں 6 افراد کو باہر نکالا گیا، جن میں سے 5 کی موت ہوگئی۔ دونوں واقعات میں فائر بریگیڈ اور انتظامیہ کی ٹیموں کو امدادی کارروائیوں کے دوران کافی مشقت کرنی پڑی۔ اسی طرح اجین کے ناگ جھری علاقہ میں دیوالی کی شب 2 منزلہ مکان کے نچلے حصے میں بنی دکانوں میں آگ لگ گئی۔ مکان کی بالائی منزل پر خاندان کے 10 افراد پھنس گئے۔ مقامی لوگوں، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے سبھی کو باہر نکالا، لیکن اس دوران 107 سالہ بزرگ کی موت ہوگئی۔

مہاراشٹر کی بات کریں، تو یہاں کے ضلع دھاراشیو کے یدشی گاؤں میں دیوالی کی رات جنرل اسٹور اور اس کے اوپر بنے مکان میں بھیانک آگ لگ گئی۔ زہریلے دھوئیں کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی دم گھٹنے اور جھلسنے سے موت ہوگئی۔ علاوہ ازیں ممبئی کے اندھیری ویسٹ واقع لوکھنڈوالا کی ایک بلند و بالا عمارت میں دیوالی کی شب یا اس سے ایک رات قبل آگ لگنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پونے میں بھی دیوالی کے دوران آگ لگنے کے 63 واقعات درج کیے گئے۔ حالانکہ ان واقعات میں ہونے والی اموات کی تعداد دستیاب نہیں ہے۔

آسام کے ڈبروگڑھ میں آئل انڈیا (او آئی ایل) کے پلانٹ میں آگ لگنے کے حادثہ میں 4 ملازمین جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ صنعتی یونٹ میں پیش آنے والے اس حادثہ نے حفاظتی انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ اسی طرح راجستھان کے ضلع پالی کے فالنا قصبے میں پٹاخوں کی دکان میں چنگاری گرنے سے آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں 2 افراد کی موت ہو گئی۔ علاوہ ازیں دہلی کے نریلا میں پٹاخے کا ایک راکٹ سیدھا 10 سالہ بچے کے جسم سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی جان چلی گئی۔ تمل ناڈو میں بھی آتش بازی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک بچے کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس درمیان اڈیشہ کے ضلع جاج پور کے نالی پور گاؤں میں ہفتہ کی رات ایک مکان میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہوگئی۔ مہلوکین میں 42 سالہ تبسم، ان کی 27 سالہ بیٹی گل افشاں، 10 اور 8 سال کے دو بچے شامل تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔