
دگ وجئے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر سی بی ایس ای کی جانب سے نویں جماعت کے طلبہ کے لیے جاری تعلیمی سیشن کے وسط میں سہ لسانی پالیسی کو لازمی طور پر نافذ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے فی الحال ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔ تعلیم، خواتین، اطفال، نوجوانوں اور کھیلوں سے متعلق پارلیمانی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین دگ وجے سنگھ نے کہا کہ کافی تعداد میں اساتذہ، درسی کتب اور نئے نظام کے نفاذ سے قبل کسی تیاری کے بغیر، سیشن کے درمیان اس پالیسی کو اچانک نافذ کرنے سے شدید بدنظمی پیدا ہو سکتی ہے۔
Published: undefined
کانگریس رہنما نے کہا کہ صورتحال کچھ ویسی ہی ہو سکتی ہے جیسی سی بی ایس ای کے آن اسکرین مارکنگ (او ایس ایم) نظام کو جلد بازی میں نافذ کرنے کے دوران پیدا ہوئی تھی۔ وزیر اعظم مودی کو لکھے خط میں دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ’’میں سی بی ایس ای کی نویں جماعت کے طلبہ کے لیے موجودہ سیشن کے وسط میں سہ لسانی پالیسی کو لازمی طور پر نافذ کیے جانے کی مخالفت کرنے والے فکرمند والدین کے ایک گروپ کا میمورنڈم آپ کو بھیج رہا ہوں۔‘‘
Published: undefined
دگ وجے سنگھ نے کہا کہ ان کے علم میں یہ بات بھی لائی گئی ہے کہ دسمبر 2025 میں ہونے والے اجلاس میں سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی گورننگ باڈی نے نصاب کمیٹی کی اس سفارش کو منظوری دی تھی۔ اس کے مطابق این سی ای آر ٹی کی جانب سے زبانوں کی درجہ بند (گریڈڈ) درسی کتب جاری ہونے تک اسکول موجودہ تعلیمی منصوبہ، خصوصاً زبان سے متعلق انتظامات کو جاری رکھیں۔
Published: undefined
راجیہ سبھا رکن دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اپنی ہی گورننگ باڈی کے فیصلے کے باوجود، سی بی ایس ای نے 15 مئی 2026 کو ایک سرکلر جاری کر کے یکم جولائی 2026 سے نویں جماعت میں تیسری زبان کی پڑھائی نافذ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے اب تک زبانوں کی گریڈڈ درسی کتب جاری نہیں کی ہیں اور اسی لیے سی بی ایس ای نے این سی ای آر ٹی کی چھٹی جماعت کی کتابوں کے استعمال کی سفارش کی ہے۔
Published: undefined
کانگریس رہنما دگ وجے سنگھ نے مزید کہا کہ ’’یہ واضح نہیں ہے کہ سی بی ایس ای نے اپنی ہی گورننگ باڈی کے فیصلے کو اتنے واضح طور پر کیسے اور کیوں بدل دیا، اور وہ بھی ایسے طریقے سے جو ملک بھر کے ہزاروں اسکولوں کے تعلیمی منصوبے کو متاثر کر سکتا ہے۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ دگ وجے سنگھ نے چند روز قبل نیٹ-یو جی امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے معاملے کو لے کر بھی وزیر اعظم مودی کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے حکومت سے گزشتہ 8 برسوں میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے منعقدہ امتحانات میں پرچہ لیک یا دیگر بے ضابطگیوں اور ان پر کی گئی کارروائی کی تفصیلات دیتے ہوئے ایک ’وائٹ پیپر‘ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ایسے وقت میں جب لاکھوں طلبہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں، امتحانی نظام پر ان کا بھروسہ برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined