قومی خبریں

بہار میں نیٹ پیپر لیک کے بعد افسردہ طالبہ 3 دنوں سے تھی لاپتہ، گھر کے قریب کنویں سے لاش برآمد

طالبہ سندھیا کماری نیٹ پیپر لیک کی وجہ سے پریشان تھی۔ اطلاع ملتے ہی مفصل تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو کنویں سے باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کا عمل شروع کیا۔

موت، علامتی تصویر
موت، علامتی تصویر 

مونگیر میں مفصل تھانہ علاقہ کے کلیان چک گاؤں میں 3 دنوں سے لاپتہ طالبہ کی لاش منگل (7 جولائی) کے روز گھر کے قریب کنویں سے برآمد ہوئی۔ 20 سالہ طالبہ سندھیا کماری نیٹ پیپر لیک کی وجہ سے کافی پریشان تھی۔ اطلاع ملتے ہی مفصل تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو کنویں سے باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کا عمل شروع کیا۔ طالبہ کے والد دھرم ویر یادو نے بتایا کہ سندھیا ان کی اکلوتی بیٹی تھی۔ سندھیا پڑھائی میں کافی اچھی تھی اور ڈاکٹر بننا چاہتی تھی۔ اسی لیے دو بار نیٹ کا امتحان دے چکی تھی۔

Published: undefined

رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ دونوں بار نیٹ کا پیپر لیک ہونے کی وجہ سے سندھیا پریشان رہنے لگی تھی۔ ان کا دعوی ہے کہ 5 جولائی کی صبح تقریبا 4 بجے وہ رفع حاجت کے لیے گھر سے نکلی تھی اور گھر واپس نہیں لوٹی۔ کافی تلاش کے بعد پولیس کو گمشدگی کی اطلاع دی گئی۔ منگل کے روز گھر کے قریب واقع ایک کنویں میں لاش نظر آنے کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو خبر دی۔

Published: undefined

مفصل تھانہ کے انچارج وپن کمار سنگھ نے بتایا کہ گمشدگی کی شکایت پہلے ہی درج کرائی جا چکی ہے۔ کنویں سے لاش نکال لی گئی ہے۔ رشتہ داروں نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ طالبہ نے مبینہ طور پر خود ہی کنویں میں چھلانگ لگائی ہوگی۔ حالانکہ موت کی اصل وجہ کا پتہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس کی تفتیش کے بعد ہی لگ سکے گا۔ طالبہ کے والدین نیٹ امتحان کے بعد پیدا صورت حال کو ہی اس موت کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں، لیکن فوری طور پر کچھ بھی کہنا جلدبازی ہوگی۔ پولیس کا بھی یہی کہنا ہے کہ پہلے پوسٹ مارٹم رپورٹ آ جائے، پھر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined