قومی خبریں

نوٹ بندی بی جے پی کے لیے ووٹ بندی ثابت ہوگی، یوپی میں اب لڑائی 95-5 کی ہوگی: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے نوٹ بندی کو معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی پر حملہ کیا۔ انہوں نے یوپی میں 95-5 کی انتخابی لڑائی کا دعویٰ کیا اور ووٹر لسٹ، بینکنگ نظام اور نظم و نسق پر سوال اٹھائے

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو (تصویر ویڈیو گریب)</p></div>

اکھلیش یادو (تصویر ویڈیو گریب)

 

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے نوٹ بندی کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اس فیصلے نے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا اور چھوٹے کاروباریوں سے لے کر عام شہریوں تک کو مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹ بندی اب بی جے پی کے لیے ’ووٹ بندی‘ ثابت ہوگی اور اترپردیش میں آئندہ انتخابی مقابلہ 80-20 یا 20-80 کے بجائے 95-5 کا ہوگا۔

لکھنؤ میں واقع ایس پی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت مرکزی حکومت نے جو بڑے بڑے دعوے کیے تھے، ان میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔ اس کے برعکس آج بازار میں نقدی کا استعمال بڑھ کر تقریباً 70 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے سبب کئی چھوٹے اور بڑے کارخانوں پر تالے لگ گئے اور متعدد صنعتیں آج تک اس نقصان سے نہیں نکل سکی ہیں۔

اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کے معاشی فیصلوں کا خمیازہ عام لوگوں اور کاروباری طبقے کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بینکنگ نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکوں میں عام لوگوں کے کھاتوں سے جرمانے کے نام پر رقم کاٹی جا رہی ہے۔ ان کے بقول بینکنگ نظام کی صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ ’کھاتہ آپ کا اور نقصان بھی آپ ہی کا‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے بینکنگ نظام کو ساہوکاروں سے بھی زیادہ خطرناک بنا دیا ہے۔

نوٹ بندی کے دوران بینک کی قطار میں پیدا ہونے والے بچے ’خزنجی‘ کا ذکر کرتے ہوئے ایس پی صدر نے بی جے پی پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ خزنجی دس سال کا ہو چکا ہے، لیکن بی جے پی نے آج تک اس کی سالگرہ نہیں منائی۔ انہوں نے کہا کہ خزنجی کی تعلیم اور دیکھ بھال کی ذمہ داری آج بھی سماج وادی خاندان اٹھا رہا ہے۔ اکھلیش نے دو ہزار روپے کے نوٹ کا ذکر کرتے ہوئے بھی طنزیہ انداز اختیار کیا۔

انہوں نے ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کے ہدف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بی جے پی رہنما اس ہدف کی بات کرتے ہیں، دوسری طرف نوٹ بندی جیسے فیصلوں نے ملک کی معیشت کو پیچھے دھکیل دیا۔ انہوں نے اپنے الزامات پر بی جے پی کو کھلی بحث کا چیلنج بھی دیا۔

ووٹر لسٹوں کے خصوصی نظرثانی عمل کے دوران تقریباً ایک کروڑ 27 لاکھ ووٹروں کے نام حذف ہونے کے خدشے پر بھی اکھلیش یادو نے تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے انتخابی فہرستوں میں شفافیت کے لیے ووٹروں کو مضبوط میٹل کارڈ جاری کرنے، ووٹر لسٹ کو آدھار سے جوڑنے اور ووٹنگ کے دوران بایومیٹرک تصدیق کا نظام نافذ کرنے کی تجویز پیش کی۔

ریاست کی نظم و نسق کی صورت حال پر یوگی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اترپردیش میں بدعنوانی عروج پر ہے اور خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماج وادی حکومت کے دور میں قائم کیا گیا پولیس رسپانس نظام موجودہ حکومت نے تباہ کر دیا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ عوام کا پولیس پر اعتماد کم ہو رہا ہے اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔