قومی خبریں

دہلی کے وزیر ماحولیات کو معلوم ہی نہیں کہ ’اے کیو آئی‘ 500 سے زائد ہو ہی نہیں سکتا: اجے ماکن

اجے ماکن نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’دہلی کی وزیر اعلیٰ تو ’اے کیو آئی‘ کو ’آئی کیو‘ کہتی ہیں، جبکہ ماحولیاتی وزیر کو یہ بھی معلوم نہیں کہ اے کیو آئی 500 سے اوپر ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اجے ماکن / تصویر: قومی آواز، ویپن</p></div>

اجے ماکن / تصویر: قومی آواز، ویپن

 

راجدھانی دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) بدترین سطح میں داخل ہو چکا ہے۔ رواں سال دیوالی سے قبل ہی ملک کی راجدھانی دہلی کی حالت خراب ہو چکی ہے۔ پٹاخے جلائے بغیر ہی راجدھانی کی ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ لوگوں کو نہ صرف سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے، بلکہ یہاں کی آلودہ ہوا نے لوگوں کو بیمار کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ اس معاملے پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن نے دہلی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اجے ماکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دہلی کی وزیر اعلیٰ تو ’اے کیو آئی‘ کو ’آئی کیو‘ کہتی ہیں، جبکہ ماحولیاتی وزیر کو یہ بھی معلوم نہیں کہ اے کیو آئی 500 سے اوپر ہو ہی نہیں سکتا۔ اور سارا الزام صرف کسانوں اور پرالی پر؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’دہلی حکومت اپنی ذمہ داری کب نبھائے گی؟ آج دہلی کے 5 مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر اے کیو آئی 500 ہے۔ ذرا اعداد و شمار پر نظر تو ڈال لیتے!‘‘

اجے ماکن نے اپنی پوسٹ میں ’سی پی سی بی‘ کے فارمولے پر مبنی ایک گرافک شیئر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے 5 اسٹیشنز پر ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) اپنی آخری حد یعنی 500 پر پہنچ چکا ہے۔ اجے ماکن نے پوسٹ میں سی آر ای اے اور سی پی سی بی کے 3 نومبر 2026 (شام 4 بجے تک کے 24 گھنٹوں) کا ڈیٹا شیئر کیا ہے۔ تصویر کے مطابق ان تمام علاقوں میں پی ایم 10 کی سطح مقررہ قومی معیار سے تقریباً 6 گنا زیادہ درج کی گئی ہے۔ جہانگیر پوری میں پی ایم 10 کی سطح سب سے زیادہ 595 ریکارڈ کی گئی، جبکہ علی پور میں 538، منڈکا میں 531، روہنی میں 527 اور پنجابی باغ میں 515 ریکارڈ کی گئی۔

دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ’نیوز 18‘ کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مبارک ہو کیجریوال جی! دہلی کو آلودگی سے تباہ کرنے کے بعد اب پنجاب کو بھی عام آدمی پارٹی کی حکومت نے تباہ کر دیا ہے۔ اے کیو آئی 1100 سے تجاوز کرنے کے بعد اب بھٹنڈہ ملک کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔ یہ ’ریکارڈ‘ قائم کرنے پر آپ کو بہت بہت مبارکباد!‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔