دہلی میں بارش / آئی اے این ایس
نئی دہلی میں جمعہ کی صبح اچانک موسم کی تبدیلی کے باعث شدید بارش اور آندھی نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ دہلی کے دوارکا علاقے میں تیز بارش اور آندھی کے دوران ایک درخت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
Published: undefined
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کھڑکھڑی نہر گاؤں میں پیش آیا جہاں کھیت میں بنے ٹیوب ویل کے کمرے پر درخت آ گرا۔ حادثے کے وقت کمرے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سو رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ جیوتی اور اس کے تین بچے شامل ہیں، جب کہ جیوتی کا شوہر اجے معمولی زخمی ہوا ہے۔
آندھی اور بارش کے باعث دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد کے کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد مقامات پر پانی بھرنے کی وجہ سے گاڑیاں سست روی کا شکار ہوئیں اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
Published: undefined
موسم کی اس شدید خرابی کے باعث دہلی ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کا نظام متاثر ہوا۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈی آئی اے ایل) کے مطابق خراب موسم کے باعث کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ بعض کا رخ بھی موڑا گیا۔ ایئر انڈیا نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال ضرور چیک کر لیں کیونکہ شمالی ہندوستان میں موسمی حالات کے سبب شیڈول میں تبدیلی متوقع ہے۔
ادھر دہلی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث پانی بھر گیا ہے۔ موتی باغ اور خان پور جیسے علاقوں سے ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
Published: undefined
ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمے نے متنبہ کیا ہے کہ کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر کھلے مقامات پر پناہ لینے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین دنوں تک دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ 2 مئی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری اور کم سے کم 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جب کہ 3 مئی کو 38 ڈگری زیادہ سے زیادہ اور 27 ڈگری کم سے کم رہے گا۔ 4 مئی کو بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔ 5 سے 7 مئی کے دوران درجہ حرارت میں بتدریج کمی آ سکتی ہے اور مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined