نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی فساد میں الزامِ ناحق کی شکار دو چھوٹے بچوں کی ماں تبسم کو بالآخر دس ماہ بعد ضمانت مل گئی۔ جج سبرامنیم پرساد نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کورٹ کا یہ آئینی فریضہ ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سرکار کی زیادتی کی وجہ سے کسی فرد کی شخصی آزادی متاثر نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ ضمانت اصل ہے اور قید کرنا استثنائی امر ہے، عدالتوں کو اپنے دائرہ اثر کو استعمال کرتے ہوئے شخصی آزادی کو بحال کرنا چاہیے، سپریم کورٹ نے بارہا اس پر زور دیا ہے کہ عدالتوں کو دو پہلوؤں پر بیداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے،اول یہ کہ وہ فوجداری قانون کے مناسب نفاذ کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ قانون کسی کو ہراساں کرنے کا ٹول نہ بن جائے۔
Published: undefined
فاضل جج نے تبسم کے مقدمہ کے سلسلے میں مذکورہ تاثر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ دس ماہ سے جیل میں بند ہے، اس کے سلسلے میں ثبوتوں کے مطالعے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ وہ احتجاجی مقام کے آس پاس کے کسی بھی ویڈیو فوٹیج میں نظر نہیں آ رہی ہے اور استغاثہ کا یہ دعویٰ کہ برقعہ پہننے والی چند خواتین کو پولیس اہلکاروں پر حملہ کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے جیساکہ ویشال چودھری کے ویڈیوفوٹیج میں ایسا آیا ہے، بے وزن بات ہے۔کیونکہ ملزمہ کی شناخت ویڈیو میں نہیں ہوسکی۔ اس لیے عدالت کی رائے ہے کہ ملزمہ کی مسلسل قید کا کوئی جواز نہیں ہے۔
Published: undefined
محترم جج صاحب نے یہ بھی کہا کہ کورٹ کی رائے یہ ہے کہ محض احتجاج کے منتظمین میں سے ایک ہونے یا احتجاج میں شریک دیگر افراد کے ساتھ رابطے میں ہونا اس امر کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہے کہ کوئی شخص فساد کی پیشگی سازش میں شریک تھا۔ واضح رہے کہ احتجاج اور اظہار رائے کا حق جمہوری ڈھانچہ میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اور اس لیے احتجاج کرنے کے عمل کو کسی کو جیل میں بند کرنے کا ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا۔ نیز اس معاملے میں چوتھی چارج شیٹ پہلے ہی دائر کی جا چکی ہے، نیز مقدمے کی سماعت میں کافی وقت لگے گا۔ اس لیے ملزمہ جس کے دو چھوٹے بچے ہیں، کو غیر معینہ مدت کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنا دانشمندی نہیں ہوگی۔ درخواست گزار اپنے معاشرہ میں بااثر خاتون ہیں، اس وجہ سے، اس کے مفرور اور فرار ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ مزید برآں، درخواست گزار کے دو شریک ملزمان کوپہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، اس لیے ان کو بھی ضمانت دی جاتی ہے۔فیصلے سے قبل جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے مقررکردہ وکیل ایڈوکیٹ محمد عبدالغفار، ایڈوکیٹ نوراللہ اوردکشا دیویدی نے کہا کہ محترمہ تبسم ایک ذمہ دارشہری ہیں، انھوں نے کسی بھی تشدد میں حصہ نہیں لیا،وہ چاند باغ کی رہنے والی ہیں اور وزیر آباد میں جہاں رتن لال پر حملہ ہوا، وہ وہاں سے صرف تین سو میٹر کی دوری پر رہتی ہیں، دہلی پولس نے اس پر جو بھی الزامات لگائے ہیں، وہ سب بے بنیاد ہیں اور پولس کی طرف سے پیش کردہ کوئی بھی ثبوت اسے ذرہ برابر بھی ثابت نہیں کرتے، فساد کے چھ ماہ بعد دہلی پولس نے اس کے گھر کے باہر نوٹس لگا دیا کہ وہ پولس میں حاضر ہوں، حالاں کہ وہ کووڈ کی وجہ سے اپنے آبائی وطن میں تھی، بعد میں پولس نے گرفتار کیا اور نومبر 2020 میں پیش کردہ اضافی چارج شیٹ میں اس کا نام بڑھا دیا۔
Published: undefined
عدالت کے فیصلے اور آراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ عدالت نے جو کچھ بھی کہا ہے کہ وہ سچ کا آئینہ دار ہے، عدالتوں نے جس طرح سے ر د عمل کاا ظہار کیا ہے کہ اس سے دہلی فساد میں پولس اور تحقیقاتی ایجنیسیوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند نے تو شروع میں ہی دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی کہ دہلی فساد کی منصفانہ انکوائری کرائی جائے اور ثبوتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ افسوس اس بات پر ہے کہ فساد کے ڈیرھ سال گزر جانے کے باوجود بھی اصل مجرم کا پتہ نہیں چلا اور خانہ پری کے لیے قصور افراد کو پکڑ پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا، انھوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ فساد کے آٹھ ماہ بعد تبسم کے گھر کے باہر نوٹس دالا گیا، جس سے ایک شہری کی سماجی زندگی متاثرہوئی اور اسے محض تخیل کی بنیاد پر دس ماہ تک جیل میں رہنا پڑا۔جمعیۃ علماء ہند ایسے پریشان لوگوں کے مقدمات لڑرہی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے وکلاء کے پینل کی کوشش سے تین سو مقدمات میں ضمانت ملی ہے، جمعیۃ ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی کی نگرانی میں ساڑھے تین سو سے زائد مقدمات کی پیروی کررہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined