مغربی دہلی کے پنجابی باغ تھانہ کی پولس چوکی مادی پور علاقہ میں بچوں کے مستقبل کو لے کر شوہر اور بیوی کے درمیان شروع ہوا صلاح و مشورہ جھگڑے میں تبدیل ہو گیا۔ بات اس قدر بڑھ گئی کہ مار پیٹ تک کی نوبت آ گئی۔ غصے میں شوہر نے بیوی کا قتل کر دیا۔ پولس نے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقے میں کئی کورونا پازیٹو معاملے سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ کو کنٹنمنٹ زون میں رکھا گیا ہے اور یہ پوری طرح سے سیل ہے۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST
پولس کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے پولس کنٹرول روم کو جانکاری ملی تھی کہ جے جے کالونی مادی پور میں شوہر-بیوی کے درمیان جھگڑا ہو گیا ہے۔ خبر ملنے کے بعد پولس موقع پر پہنچی تو اسے وہاں ایک خاتون کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ پولس کو جھگڑے کی خبر دینے والا شخص شوہر ہی تھا جس کا نام رئیس الاعظم ہے۔ اس نے پولس کو بتایا کہ اپنی بیوی گلشن کا اس نے قتل کر دیا ہے۔ ضلع پولس کے مطابق 34 سالہ رئیس الاعظم جہانگیر پوری علاقے میں ریہڑی لگاتا ہے۔ اس نے کچھ وقت پہلے ہی خود سے پانچ سال بڑی گلشن سے شادی کی تھی۔ رئیس الاعظم اور گلشن دونوں کی ہی یہ دوسری شادی تھی۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST
بتایا جاتا ہے کہ رئیس الاعظم کی پہلی بیوی سے تین بچے اور گلشن کے پہلے شوہر سے 6 بچے ہیں۔ سبھی بچے فی الحال رئیس الاعظم اور گلشن کے ساتھ ہی ایک کمرے کے مکان میں کسی طرح گزارا کر رہے ہیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ واقعہ والی صبح رئیس الاعظم اور گلشن کے درمیان بچوں کے مستقبل کو لے کر بات چیت ہو رہی تھی۔ اسی درمیان دونوں میں جھگڑا شروع ہو گیا۔ تنازعہ کے دوران رئیس الاعظم نے اپنا ہوش کھو دیا اور بیوی گلشن کے سر پر لاٹھی سے حملہ کر دیا۔ حملہ اس قدر زوردار تھا کہ گلشن کی موت ہو گئی۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST
پولس نے اس سلسلے میں مزید بتایا کہ چونکہ دونوں کی شادی کچھ ہی وقت پہلے ہوئی ہے لہٰذا واقعہ کی ایس ڈی ایم جانچ بھی کرائی جا رہی ہے۔ جس علاقے میں قتل ہوا ہے وہ علاقہ کورونا پازیٹو مریضوں کے کئی معاملے ملنے کے سبب کنٹنمنٹ زون بنا ہوا ہے، اس لیے واقعہ کی خبر باقی تمام متعلقہ محکموں کو بھی دی گئی ہے۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST
غور طلب ہے کہ راجدھانی دہلی میں لاک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے میں تین قتل کے واقعات ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ایک افرا تفری کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گلشن قتل معاملہ کے چند گھنٹے پہلے ہی دوارکا ضلع چھابلہ تھانہ حلقہ میں ایک نوجوان نے بیوی کے ساتھ مل کر ماں اور باپ کا گھر کے اندر ہی قتل کر دیا تھا۔ اس دوہرے قتل معاملہ میں ملزم شوہر اور بیوی دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Apr 2020, 12:40 PM IST