قومی خبریں

انڈیگو بحران: دہلی ہائی کورٹ کی حکومت کو سخت پھٹکار- ’یہ صورتحال پیدا ہی کیوں ہونے دی؟‘

دہلی ہائی کورٹ نے انڈیگو بحران پر حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے پوچھا کہ بحران کیوں پیدا ہوا اور کرایے 5 ہزار سے 40 ہزار تک کیسے پہنچ گئے۔ عدالت نے مسافروں کے تحفظ اور تلافی کے اقدامات پر بھی سوال اٹھائے

دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی
دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی 

نئی دہلی: انڈیگو کی متعدد پروازوں کی منسوخی اور شدید بدانتظامی کے بعد دہلی ہائی کورٹ میں اہم سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے مرکزی حکومت اور ڈی جی سی اے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے واضح کہا کہ یہ صرف پروازوں کے رکنے کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک بڑے قومی اقتصادی اور عوامی بحران کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ آخر حکومت اور ریگولیٹری ادارے اس صورتحال کو پیدا ہونے سے پہلے کیوں نہ روک سکے۔

Published: undefined

سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے کہا کہ ہزاروں مسافر روزانہ پریشان ہو رہے ہیں، ان کے سفر میں رکاوٹ آ رہی ہے اور انہیں بے پناہ مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ جو ٹکٹ پہلے 5 ہزار روپے میں دستیاب تھے، وہ اچانک 35 سے 40 ہزار روپے تک کیسے پہنچ گئے۔ عدالت نے سوال کیا کہ دیگر ایئرلائنز کو بحران کے دوران کرایے بڑھانے کی اجازت کس نے دی اور مسافروں کا استحصال کیوں نہ روکا گیا۔

Published: undefined

حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے اے ایس جی چیتن شرما نے بتایا کہ انڈیگو کے سی او او کو معطل کر دیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔ تاہم عدالت نے اس اقدام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محض معطلی کافی نہیں، ذمہ داری طے کر کے مناسب کارروائی کی جائے۔

ڈی جی سی اے نے عدالت کو بتایا کہ پائلٹس کی شدید کمی اور فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لیمٹیشن (ایف ڈی ٹی ایل) کے تقاضوں کے باعث صورتحال پیدا ہوئی۔ ادارے نے اعتراف کیا کہ اگر ایئرلائن کو وقتی چھوٹ نہ دی جاتی تو اس کا اثر پورے ہوابازی نظام پر پڑتا۔ عدالت نے اس وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹری ادارہ ایئرلائنز کے غلط فیصلوں پر کارروائی کیوں نہیں کرتا۔

Published: undefined

عدالت نے یہ بھی پوچھا کہ انڈیگو نے وقت رہتے کافی تعداد میں پائلٹس کی بھرتی کیوں نہیں کی اور ڈی جی سی اے درست اعداد و شمار کیوں پیش نہیں کر رہا تھا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ مسافروں کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور مستقبل میں ایسے بحران کی روک تھام کے لیے مؤثر پالیسی اپنائی جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے واضح پیغام دیا کہ بحران سے فائدہ اٹھانے والوں پر سخت کارروائی ہوگی۔ اب معاملے کی تفصیلی سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined