قومی خبریں

عازمینِ حج کی میٹرو کے ذریعے ایئرپورٹ روانگی، دہلی حج کمیٹی کا نیا انتظام

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمینِ حج کو حج کیمپ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ٹرمینل-3 تک ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو کے ذریعے منتقل کیا۔ کمیٹی نے اس اقدام کو ایندھن کی بچت قرار دیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>

تصویر پریس ریلیز

 

نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2026 کے عازمینِ حج کو رام لیلا میدان میں قائم حج کیمپ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ٹرمینل-3 تک ایئرپورٹ ایکسپریس میٹرو کے ذریعے منتقل کیا۔ اس سے قبل عازمینِ حج کو بسوں کے ذریعے ہوائی اڈہ پہنچایا جاتا تھا۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بچت، عوامی نقل و حمل کے استعمال کو فروغ دینا اور ماحولیاتی تحفظ کے تئیں بیداری پیدا کرنا ہے۔ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ عالمی معاشی حالات اور توانائی کے بحران کے پیش نظر عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

Published: undefined

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے عوام سے کفایت شعاری اختیار کرنے اور غیر ضروری اخراجات کم کرنے کی اپیل کے تناظر میں یہ قدم اٹھایا گیا۔ کمیٹی کے مطابق عازمینِ حج کو نئی دہلی میٹرو اسٹیشن سے ایئرپورٹ ایکسپریس لائن کے ذریعے آئی جی آئی ایئرپورٹ ٹرمینل-3 تک پہنچایا گیا۔

اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ، دہلی پولیس، سعودی ایئر لائنس، حج کمیٹی آف انڈیا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔ حکام نے عازمینِ حج کے ساتھ میٹرو کے ذریعے سفر بھی کیا۔

Published: undefined

چیئرپرسن کوثر جہاں نے اپنے بیان میں کہا کہ توانائی کے موجودہ عالمی بحران کے دوران ایندھن کی بچت اور عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے توانائی کے تحفظ سے متعلق دی گئی اپیل پر عمل کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ دہلی سے حج 2026 کے لیے عازمینِ حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ 18 اپریل سے جاری ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے مطابق میٹرو کے ذریعے منتقلی کا مقصد عوام میں اجتماعی ذمہ داری اور وسائل کے محتاط استعمال کا پیغام دینا بھی ہے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined