
فائل تصویر یو این آئی
دہلی کانگریس کے ایک وفد نے آج چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کر کے کیجریوال کے خلاف شکایت کی ہے۔ وفد نے الیکشن کمیشن کے سامنے کیجریوال کے اس الزام کا ذکر کیا ہے جس میں انہوں نے ہریانہ حکومت پر الزام لگایا ہے کہ ’ہریانہ حکومت نے جمنا کے پانی میں زہر ملا دیا ہے۔‘
کانگریس کے وفد نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ کیجریوال کے ذریعہ پھیلائی گئی افواہ کی تحقیقات کی جائے۔ اگر افواہ غلط ثابت ہوتی ہے تو کیجریوال کے خلاف انتخاب کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ اور اگر کیجریوال کا الزام سچ ثابت ہوتا ہے تو ہریانہ حکومت کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کانگریس کے وفد میں قانونی اور انسانی حقوق کے محکمہ کے وکیل سنیل کمار، بوتھ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین راجیش گرگ، مشیر ساجد چودھری، سجاد حسین اور مشیر کِلِت اروڑا موجود تھے۔ کانگریس نے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کو رٹھالا حلقہ اسمبلی کے امیدوار سوشانت مشرا پر انتظامیہ کی جانب سے حملے اور ہراساں کیے جانے کی شکایت کی۔
دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ کی سربراہی میں کانگریس کے ایک اور وفد نے دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کی۔ وفد نے اپنے کشمیری گیٹ دفتر میں رٹھالہ حلقہ اسمبلی سے کانگریس امیدوار سوشانت مشرا کو ہراساں کرنے کے حوالے سے باخبر کیا اور شکایت کی کاپی پیش کی۔ کانگریس وفد نے شکایت میں اس بات کا ذکر کیا کہ ’’الیکشن کمیشن کے اہلکار، عام آدمی پارٹی اور بی جے پی مل کر کانگریس امیدوار کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔