گردابی طوفان، علامتی تصویر آئی اے این ایس
بحیرۂ عرب میں اٹھا گردابی طوفان ’شکتی‘ گجرات کے ساحل کے پاس پہنچ گیا ہے اور یہ مسلسل آگے بڑھتا جا رہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اس طوفان کے متعلق سنگین انتباہ جاری کیا ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ’شکتی‘ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید خطرناک شکل اختیار کر سکتا ہے اور اس کے سنگین گردابی طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
Published: undefined
آئی ایم ڈی نے بتایا کہ 3 اکتوبر کی صبح تک گردابی طوفان ’شکتی‘ گجرات کے نالیا سے تقریباً 270 کلومیٹر جنوب مغرب، پوربندر سے 300 کلومیٹر مغرب اور پاکستان کے کراچی سے 360 کلومیٹر جنوب میں تھا۔ طوفان تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آئی ایم ڈی کا اندازہ ہے کہ آنے والے وقت میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل سکتی ہے اور بہت تیز بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ 4 اکتوبر کو یہ گردابی طوفان میں بدلتا ہوا نظر آیا ہے اور 5 اکتوبر تک اس کے جنوب مغرب سمت میں وسطی بحیرۂ عرب کی جانب بڑھنے کا قوی امکان ہے۔
Published: undefined
بحیرۂ عرب سے اٹھے گردابی طوفان کا نام ’شکتی‘ سری لنکا نے دیا ہے۔ کیونکہ اس بار گردابی طوفان کے نام رکھنے کی ذمہ داری سری لنکا کی تھی۔ یہ عمل عالمی موسمیاتی ادارہ (ڈبلیو ایم او) اور ایشیا پیسیفک کے لیے اقتصادی اور سماجی کمیشن (ای ایس سی اے پی) کے ذریعہ طے کیے گئے نظام کے تحت ہوتا ہے۔ اس نظام میں 8 ممالک ہندوستان، بنگلہ دیش، مالدیپ، میانمار، عمان، پاکستان، سری لنکا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ سال 2020 میں ان ممالک نے 168 ناموں کی ایک فہرست بنائی تھی، انہیں حروف تہجی کے اعتبار سے دیا جاتا ہے اور جب کوئی طوفان 65 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ کی تیزی سے چلتا ہے تب اسے یہ نام ملتا ہے۔ ’شکتی‘ اس فہرست کا پہلا نام ہے۔
Published: undefined
بہرحال، ہندوستانی محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر کے کئی اضلاع کے لیے گردابی طوفان ’شکتی‘ کے متعلق 7 اکتوبر تک کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ ممبئی، ٹھانے، پالگھر، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ میں تیز ہوائیں چلنے اور شدید بارش کا امکان ہے۔ سمندر میں لہریں بہت اونچی اٹھنے کا خدشہ ہے، اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ودربھ اور مراٹھوارہ کے کچھ حصوں میں شدید سے شدید ترین بارش ہو سکتی ہے، جبکہ شمالی کونکن کے نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال بن سکتی ہے۔ ریاستی حکومت نے ضلع انتظامیہ کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم فعال کرنے، ساحلی اور نشیبی علاقوں کے لوگوں کے لیے منتقلی کا منصوبہ تیار رکھنے، سمندری سفر سے بچنے کی اپیل کرنے اور سیکورٹی کے پختہ انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ بحیرۂ عرب میں گردابی طوفان کم آتے ہیں، لیکن گزشتہ کچھ سالوں میں یہاں طوفانوں کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2021 میں بحیرۂ عرب میں ’تاؤتے‘ اور 2023 میں ’بپرجوائے‘ گردابی طوفان دیکھنے کو ملے تھے، لیکن خلیج بنگال کے مقابلے میں بحیرۂ عرب میں گردابی طوفان کم ہی آتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ فی الحال یہ طوفان ساحلی علاقوں تک نہیں پہنچ رہا ہے، لیکن اس کے مسلسل خطرناک شکل اختیار کر لینے کے امکانات کے پیش نظر محتاط رہنا ضروری ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز