قومی خبریں

آندھرا کے ساحل کی طرف بڑھ رہا گردابی طوفان ’مونتھا‘ ، پانچ ریاستوں میں این ڈی آر ایف کی 22 ٹیمیں تعینات

طاقتور گردابی طوفان ’مونتھا‘ آندھرا کے ساحلی علاقوں کی سمت بڑھ رہا ہے۔ طوفان سے قبل پانچ ریاستوں میں این ڈی آر ایف کی 22 ٹیمیں تعینات ہیں، متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ کئی علاقوں میں الرٹ جاری

<div class="paragraphs"><p>گردابی طوفان مونتھا کے پیش نظر ساحل پر کی جا رہی کارروائیاں / آئی اے این ایس</p></div>

گردابی طوفان مونتھا کے پیش نظر ساحل پر کی جا رہی کارروائیاں / آئی اے این ایس

 

خلیجِ بنگال میں بننے والا طاقتور گردابی طوفان ’مونتھا‘ تیزی سے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ طوفان آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر، یعنی 28 اکتوبر کی رات کو کاکیناڈا کے نزدیک مچھلی پٹنم اور کلنگا پٹنم کے درمیان ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ’مونتھا‘ نے پچھلے چھ گھنٹوں کے دوران تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی سمت میں پیش قدمی کی ہے اور یہ 28 اکتوبر کی صبح تک ایک شدید گردابی طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

Published: undefined

اُدھر اوڈیشہ کے گنجام ضلع میں انتظامیہ نے آندھرا پردیش کے 100 سے زیادہ ماہی گیروں کو پناہ دی ہے جو سمندر میں طوفان کی شدت کے سبب پھنس گئے تھے۔ ماہی گیر اپنی 28 کشتیوں کے ساتھ گوپالپور بندرگاہ پہنچے، جہاں ضلع انتظامیہ نے بندرگاہ کے عہدیداروں سے بات چیت کے بعد انہیں محفوظ علاقے میں رہنے کی اجازت دی۔

طوفان کے پیشِ نظر آندھرا پردیش، اوڈیشہ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور چھتیس گڑھ میں قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی 22 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ این ڈی آر ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) محسن شہیدی کے مطابق تمام متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں متحرک ہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کر رہی ہیں۔

Published: undefined

گنجام کے ضلع کلیکٹر وی۔ کیرتی واسن نے بتایا کہ ضلع میں 110 پناہ گاہیں تیار کی گئی ہیں، نازک علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے اور حاملہ خواتین کی خصوصی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ پیر کو ضلع میں نارنجی الرٹ اور منگل کو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

گردابی طوفان کے خطرے کے باعث ریلوے نے دو درجن سے زیادہ ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ کئی ٹرینوں کے روٹ تبدیل کیے گئے ہیں۔ ان میں وشاکھا پٹنم، کوراپٹ، راجمندری، کاکینادا، تروپتی، گنٹور اور برہم پور کے درمیان چلنے والی متعدد ایکسپریس اور مسافر ٹرینیں شامل ہیں۔

Published: undefined

محکمۂ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات مہاراشٹر کے ودربھ علاقے تک پہنچ سکتے ہیں، جہاں 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ چندرپور، وردھا، یوت مال، بھنڈارا اور ناگپور میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی پیش گوئی کرتے ہوئے ’ییلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔

آندھرا اور اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں حکومت نے پہلے ہی ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دے دی ہے۔ بنگال کی خلیج میں لہروں کی شدت بڑھ چکی ہے اور مقامی انتظامیہ نے طوفان کے راستے میں آنے والے تمام علاقوں میں ہنگامی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔

Published: undefined

ماہرین کے مطابق ’مونتھا‘ کا اثر ساحلی علاقوں سے آگے بڑھ کر اندرونی حصوں تک پہنچ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں شدید بارش اور بجلی کی فراہمی میں خلل کا امکان ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے بچیں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined