ویڈیو گریب
کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مرکز اور ریاستی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کو کانگریس نے شروع سے ہی ’گببر سنگھ ٹیکس‘ قرار دیا تھا کیونکہ اس نے چھوٹے کاروباریوں اور متوسط طبقے کی زندگی کو مشکل بنا دیا۔ پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے جب اپوزیشن میں تھی تو مختلف معاشی اصلاحات کی مخالفت کی لیکن اقتدار میں آ کر انہی پالیسیوں کو اپنا لیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 8 سال کی تاخیر کے بعد اب جی ایس ٹی میں تبدیلی کو اصلاحات کا نام دیا جا رہا ہے، حالانکہ اس سے لاکھوں کروڑ کا نقصان ہوا۔ بہار کے حوالے سے پائلٹ نے کہا کہ 10 برس قبل وزیر اعظم نے یہاں شوگر انڈسٹری کو دوبارہ زندہ کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
پائلٹ نے ووٹ ادھیکار یاترا کو زبردست عوامی حمایت ملنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہار کے انتخابات قریب ہیں اور کانگریس پارٹی مضبوطی سے میدان میں اترے گی۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
پٹنہ کے صداقت آشرم میں کانگریس کی توسیع شدہ ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس کے دوران چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس رہنما بھوپیش بگھیل نے اجلاس کے پہلے دن کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس آزاد ہندوستان میں پہلی بار بہار میں ہو رہا ہے اور صداقت آشرم کی تاریخی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، جہاں بہار کے رہنماؤں نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا۔
بگھیل نے کانگریس کی آزادی کی جدوجہد میں کردار ادا کرنے والے گمنام رہنماؤں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اپنا سب کچھ قربان کیا، انہیں یاد کرنا ہر کانگریسی کا فرض ہے۔ انہوں نے اجلاس میں موجود ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور دیگر سینئر رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے موجودہ ملکی اقتصادی حالات پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی نہ ہونے اور منریگا کے بجٹ میں کمی نے دیہی عوام پر برا اثر ڈالا ہے۔ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ کانگریس کو عوام کے مسائل پر مضبوط موقف اپنانا چاہیے اور ملک کے اقتصادی اور سماجی چیلنجز کے حل کے لیے واضح حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
پٹنہ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس کے دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے الیکشن کمیشن کی شفافیت اور غیرجانبداری پر سنگین سوالات اٹھائے۔ کھڑگے نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے سامنے آنے والے انکشافات کا جواب دینے کے بجائے، الیکشن کمیشن پارٹی سے صرف حلف نامے طلب کر رہا ہے، جو آئینی ادارے کی ذمہ داریوں کے برخلاف ہے۔
اجلاس میں کھڑگے نے ملکی اور عالمی سطح پر پیش آنے والے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایسے نازک وقت میں اجلاس منعقد کر رہی ہے جب ہندوستان کو داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جو مشکلات ملک کے سامنے ہیں، وہ موجودہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کی سفارتی ناکامی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ افراد جن کی وزیراعظم ’میرے دوست‘ کہہ کر تعریفیں کرتے ہیں، آج ہندوستان کو متعدد عالمی مسائل میں الجھا رہے ہیں۔ کھڑگے کے مطابق اس اجلاس میں پارٹی کی قیادت ملکی چیلنجز کے بارے میں بات کرے گی اور عوام کے لیے موثر حکمت عملی تیار کرے گی۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
پٹنہ کے صادقت آشرم میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما شامل ہیں۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بہار میں منعقد ہو رہا ہے، جس سے انڈیا اتحاد کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مختلف سیاسی اور انتخابی امور پر تبادلہ خیال کرنے کی توقع ظاہر کی۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
سچن پائلٹ نے اجلاس کے دوران کہا کہ بہار کی عوام تبدیلی چاہتی ہے اور کانگریس واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے امیدوار کے بارے میں تمام معلومات انتخابات کے اعلان کے بعد دی جائیں گی۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Sep 2025, 11:24 AM IST