قومی خبریں

راجیو گاندھی کے خلاف قرارداد منظوری کے بعد عام آدمی پارٹی میں بحران

عام آدمی پارٹی کی اوچھی حرکت ، راجیو گاندھی کا بھارت رتن واپس لینے کا مطالبہ، پارٹی نے دو ارکان کو دیا وجہ بتاؤ نوٹس اور ایک سے مستعفی ہونے کے لئے کہا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

جس وقت یہ خبریں زیر بحث تھی کہ دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان عام انتخابات کے لئے اتحاد کی بات ہو رہی ہے اس وقت عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں ایک ایسی قرارداد منظور کی جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سکھ مخالف فساد پر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے بیان کی وجہ سے ان کو دیا گیا بھارت رتن اوارڈ واپس لے۔ ا س قرارداد نے دہلی کی سیاست میں ہنگامہ مچا دیا ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کے صدر اجے ماکن نے کہا ہے کہ جب تک دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اس پر معافی نہیں مانگیں گے وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Published: 22 Dec 2018, 8:38 AM IST

اس معاملہ پر عام آدمی پارٹی بھی بیک فٹ پر آ گئی ہے اور عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج نے کہا ہے کہ یہ لائن قرارداد کے متن کا حصہ نہیں تھی لیکن مالویہ نگر کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے اپنے ہاتھ سے یہ لائن جوڑ کر رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کو یہ قرارداد دی تھی۔ واضح رہے یہ قرارداد رکن اسمبلی جرنیل سنگھ نے پیش کی تھی۔ ادھر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چاندنی چوک کی رکن اسمبلی الکا لامبا سے پارٹی ہائی کمانڈ نے مستعفی ہونے کے لئے کہا ہے۔ الکا لامبا نے اس قرارداد کو ٹویٹ بھی کیا تھا اور اخباری نمائندوں کو بھی اس قرارداد کے بارے میں بتایا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کے لئے عام آدمی پارٹی نے دو ارکان اسمبلی کووجہ بتاؤ نوٹس جاری کر دیا ہے اور ایک سے مستعفی ہونے کے لئے کہا ہے۔ ادھر اسمبلی افسران کے مطابق قرارداد تو منظور ہو گئی ہے اور یہ اسمبلی ریکارڈ کا حصہ بن گئی ہے۔

Published: 22 Dec 2018, 8:38 AM IST

واضح رہے کہ اس خصوصی اجلاس میں عام آدمی پارٹی کے جرنیل سنگھ نے یہ قرارداد پیش کی تھی اور اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے اس قرارداد کو غیر معمولی انداز میں منظور بھی کروایا تھا۔ غیر معمولی اس لئے کیونکہ کسی بھی قرارداد کی منظوری کے لئے یا تو آواز کی ووٹنگ ہوتی ہے یا پھر گنتی ہوتی ہے لیکن اس قرارد کے لئے اسپیکر نے کہا ’’یہ بہت اہم اور حساس معاملہ ہے اس لئے جو اس کی حمایت میں ہیں وہ کھڑے ہو جائیں‘‘۔ کیونکہ ایوان میں صرف عآپ اور بی جے پی کے ہی ارکان ہیں اس لئے سب نے کھڑے ہو کر اس قرارداد کو منظور کیا۔ واضح رہے رام نواس گوئل نہ صرف بی جے پی سے عام آدمی پارٹی میں آئے ہیں بلکہ وہ مشرقی دہلی کے آر ایس ایس کا نمایاں چہرہ رہے ہیں۔

دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ’’دراصل عام آدمی پارٹی بی جے پی کی ’بی‘ ٹیم ہے اور اس نے ہمیشہ کانگریس کو نقصان پہنچانے کا کام کیا ہے ۔ اس نے انہی ریاستوں میں انتخابات لڑے ہیں جہاں اس کے لڑنے سے بی جے پی کو فائدہ ہو سکے‘‘۔

Published: 22 Dec 2018, 8:38 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 22 Dec 2018, 8:38 AM IST