
بہار میں کورونا انفیکشن کے معاملے میں بھلے ہی کچھ کمی آئی ہو لیکن اب بھی انفیکشن کئی نئے علاقوں میں پاؤں پسار رہا ہے۔ انفیکشن کا دائرہ اب جیل تک بھی پہنچنے لگا ہے۔ بہار کے گوپال گنج ضلع واقع جیل میں 139 قیدی کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں، جنھیں اب الگ آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
گوپال گنج جیل سپرنٹنڈنٹ کمار امت نے بتایا کہ پیر کو 86 قیدیوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی جب کہ اس کے ایک دن بعد یعنی منگل کو مزید 53 قیدی کورونا سے متاثر ملے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی متاثرہ قیدیوں کو جیل احاطہ میں بنے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر کے ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ اس جیل میں فی الحال 932 قیدی موجود ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ سبھی کورونا متاثر قیدیوں کا علاج چل رہا ہے۔ اس عمل میں اگر کسی قیدی کو اسپتال بھیجنے کی ضرورت پڑی تو انھیں تھاوے ڈویژن واقع ٹیچرس ٹریننگ سنٹر میں بنے کووڈ سنٹر میں بھیجا جائے گا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کمار امت نے بتایا کہ ڈویژنل جیل میں قیدیوں کو کورونا انفیکشن سے بچانے کے لیے ٹیکہ کاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 480 قیدیوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔ ویکسین کے لیے قیدیوں میں 452 مرد اور 28 خاتون قیدی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ٹیکہ کاری کا کام لگاتار جاری ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔