قومی خبریں

صبح سے ہو رہی مسلسل بارش نے دہلی-این سی آر کو کیا بے حال، جگہ جگہ ٹریفک جام اور آبی جماؤ کا نظارہ، دیکھیں ویڈیوز

کچھ مقامات پر درخت بھی گرے ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جامع مسجد، مہرولی-بدرپور روڈ اور ماڈل ٹاؤن وغیرہ علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھرا ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سڑک پر تالاب جیسا نظارہ، ویڈیو گریب</p></div>

سڑک پر تالاب جیسا نظارہ، ویڈیو گریب

 

دہلی-این سی آر میں جمعہ کے روز صبح سے ہو رہی مسلسل بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ صبح میں دفتر جانے والے لوگوں کو ٹریفک جام کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی ملازمین گھنٹوں کی تاخیر سے دفتر پہنچے، اور کئی لوگ سفر کے دوران بارش میں تر بتر دکھائی دیے۔ لگاتار ہو رہی بارش کے سبب دہلی-این سی آر میں جگہ جگہ ٹریفک جام کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے اور آبی جماؤ نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ مقامات پر درخت بھی گرے ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جامع مسجد، مہرولی-بدرپور روڈ اور ماڈل ٹاؤن وغیرہ علاقوں میں گھٹنوں تک پانی بھرا ہوا ہے، جس سے گاڑیوں کو نکلنے میں کافی دشواری ہو رہی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں تو بارش کے دوران ایک دیوار گرنے کی خبر بھی سامنے آئی ہے، جس کی زد میں آنے سے 9 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اطمینان بخش یہ رہا کہ اس حادثہ میں کسی کی جان نہیں گئی۔

آئی ایم ڈی نے دہلی میں 3 گھنٹوں کی شدید بارش کے لیے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے کئی دفاتر نے اپنے ملازمین کو ’ورک فروم ہوم‘ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خاص طور سے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں بارش کی وجہ سے حالات تشویش ناک ہو گئے ہیں۔ گروگرام میں بھی سڑکوں پر سیلاب جیسے حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ فرید آباد میں سڑکوں پر زبردست جام دیکھنے کو مل رہا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ سب سے زیادہ دہلی-متھرا روڈ ٹریفک جام سے متاثر ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بارش سے پیدا مشکل حالات کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ کچھ علاقے تو سیلاب جیسا نظارہ پیش کر رہے ہیں، جن میں تغلق آباد واقع ڈی ڈی اے ڈسٹرکٹ پارک بھی شامل ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں تقریباً 10 ایکڑ علاقہ پوری طرح زیر آب ہے اور فی الحال یہ پانی نکلتا ہوا دکھائی بھی نہیں دے رہا ہے۔ کچھ ایسی ہی حالت دیولی روڈ کی بھی ہے۔ یہاں گاڑیاں دھیرے دھیرے گزر رہی ہیں تاکہ پانی میں بند ہو کر پھنس نہ جائیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔