راہل گاندھی اور سید ناصر حسین کی ملاقات
نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی جنرل سکریٹری سید ناصر حسین نے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے بعد جلد از جلد جموں و کشمیر اور لداخ کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں خطوں میں پارٹی کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح تنظیم کو مؤثر اور فعال بنانا ہے تاکہ کانگریس دوبارہ ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھر سکے۔
Published: undefined
انہوں نے بتایا کہ جب سے وہ قومی جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں، تب سے جموں و کشمیر اور لداخ کے کانگریسی رہنما مسلسل ان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور ان سے دونوں خطوں کے سیاسی و تنظیمی مسائل پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، پارٹی کارکنوں اور عوام کا جوش و خروش یہ ثابت کرتا ہے کہ کانگریس ان علاقوں میں ایک مضبوط متبادل بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ انہوں نے حال ہی میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ان کی راہل گاندھی سے قومی جنرل سکریٹری بننے کے بعد پہلی ملاقات تھی، جس میں جموں و کشمیر اور لداخ کی سیاست پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ راہل گاندھی نے انہیں ان علاقوں میں کانگریس کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری رہنمائی فراہم کی اور کہا کہ پارٹی کو عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
راہل گاندھی نے اس موقع پر ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا بھی حوالہ دیا، جس کا اختتام کشمیر میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس یاترا کے ذریعے کانگریس نے قومی یکجہتی، سماجی انصاف اور عوامی فلاح و بہبود کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
Published: undefined
سید ناصر حسین نے کہا کہ وہ جلد جموں و کشمیر اور لداخ کا تفصیلی دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں، رہنماؤں اور عوام سے ملاقات کر کے زمینی سطح پر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ ان کے مطابق، کانگریس ان خطوں میں تیزی سے اپنا اثر و رسوخ بحال کرے گی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ سید ناصر حسین اس وقت راجیہ سبھا کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور پارٹی کے ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی کانگریس میں سرگرم رہے ہیں اور انہوں نے پارٹی قیادت، بالخصوص راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined