قومی خبریں

بہار میں کانگریس نے نکالی ’آئین بچاؤ پیدل یاترا‘، صوبائی صدر راجیش رام بی جے پی پر حملہ آور

بہار کانگریس صدر راجیش رام نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس پیدل یاترا کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے میدانِ عمل اور ڈاکٹر راجندر پرساد کی زمین سے ملک کو ایک خاص پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آئین بچاؤ پیدل یاترا، تصویر @INCBihar</p></div>

آئین بچاؤ پیدل یاترا، تصویر @INCBihar

 

بہار کانگریس کے ذریعہ 29 اپریل کو راجدھانی پٹنہ میں ’آئین بچاؤ پیدل یاترا‘ نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس یاترا میں شامل کانگریس کے ریاستی صدر راجیش کمار رام نے کہا کہ آج آئین بچانے کا عزم لے کر ہم لوگ یکجا ہوئے ہیں، اور اس آئین کی حفاظت کے لیے ہم اپنی پوری طاقت لگا دیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی آئین کو بدلنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

Published: undefined

یہ پیدل یاترا بہار کانگریس دفتر صداقت آشرم سے شروع ہوئی اور راجہ پور پل ہوتے ہوئے ڈاکٹر راجندر پرساد کے ’سمادھی استھل‘ بانس گھاٹ پر جا کر ختم ہوئی۔ کانگریس کارکنان اس دوران 500 میٹر طویل ترنگا بھی لے کر چلتے دکھائی دیے۔ اس پیدل یاترا میں شامل کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پیدل یاترا کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے میدانِ عمل اور ڈاکٹر راجندر پرساد کی زمین سے ملک کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہو رہی ہے کہ یہ ملک آئین سے چلے گا، نہ کہ کسی کی منمانی سے۔

Published: undefined

راجیش رام نے اس پیدل یاترا کو آئین کی حفاظت کا پیغام قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’جئے باپو، جئے بھیم، جئے آئین‘ کے معاملے پر ہم اکٹھا ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے بی جے پی پر مہاتما گاندھی اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی توہین کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ 2024 کے لوک سبھا انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے راجیش کمار نے کہا کہ اس انتخاب میں عوام نے آئین بچانے کے لیے ہی اپوزیشن کا ساتھ دیا۔ عوام نے بی جے پی کے ’400 پار‘ کے نعرہ کو نیست و نابود کر دیا۔ یہ نتیجہ براہ راست پیغام ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک کی عوام بھی آئین پر منڈلا رہے خطرے کو محسوس کر رہی ہے۔ وہ سمجھ رہی ہے کہ آئین میں موجود حقوق کو کمزور کیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

بی جے پی اور مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راجیش کمار نے کہا کہ سپریم کورٹ کو جس طریقے سے چیلنج پیش کرنے کا کام کیا جا رہا ہے، جانچ ایجنسیوں کا جس طرح غلط استعمال ہو رہا ہے، اس کا سیدھا مطلب ہے کہ آئینی حقوق پر عمل نہ کرتے ہوئے اپنی مرضی کی جا رہی ہے۔ اسی کے خلاف کانگریس کا ایک ایک کارکن آئین کے پیغام کو لے کر سماجی انصاف کے راستے پر چل کر ملک کو پیغام دے رہے ہیں، کہ ملک آئین سے چلے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined