قومی خبریں

پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کے خلاف کانگریس کا مظاہرہ، دہلی پولیس نے کیا لاٹھی چارج

کانگریس کارکنان جب پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف دہلی کے وزیر اعلیٰ رہائش پر مظاہرہ کر رہے تھے تو دہلی پولیس نے لاٹھی چارج کرنا شروع کر دیا۔ اس لاٹھی چارج میں کئی کانگریس لیڈران زخمی ہوئے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز 

دہلی پردیس کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں آج کانگریس کارکنان نے بی جے پی کی مودی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت کے خلاف پرزور مظاہرہ کیا ہے۔ کانگریس نے دن بہ دن بڑھتی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کو واپس لینے کے لیے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش پر جمع ہو کر دھرنا بھی دیا۔ اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ کیجریوال دہلی کے عوام کو سستا پٹرول-ڈیزل دلانے کے نام پر گمراہ کر کے اقتدار میں آئے تھے اور پٹرول پر 30 فیصد ویٹ ٹیکس وصول رہے ہیں جو ٹیکس وصولی کی اوپری حد ہے۔ کانگریس کارکنان نے کیجریوال ٹیکس کی شکل میں وصولے جا رہے ویٹ کو کم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اتنا ہی ویٹ وصول کیا جائے جتنا کہ کانگریس کی دہلی حکومت کے دوران وصول کیا جاتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اروند کیجریوال اور بی جے پی لوگوں کے تئیں بے حس اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے تیل کمپنیوں نے گزشتہ 2 مہینوں میں 34 بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ اس عمل سے دہلی میں پٹرول 99.86 روپے اور ڈیزل 89.36 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔

Published: undefined

تصویر بذریعہ پریس ریلیز

مظاہرہ کے دوران کثیر تعداد میں موجود کانگریس کارکنان ہاتھوں میں مودی حکومت اور دہلی حکومت کے خلاف نعرے لکھی تختیاں لے کر صدائے احتجاج بلند کرتے نظر آئے۔ تختیوں پر ’مودی کیجریوال کا دیکھو کھیل- کھا گئے راشن، پی گئے تیل‘، ’مودی-کیجریوال کی سرکار – تیل کی قیمت 100 کے پار‘، ’پٹرول-ڈیزل پر ویٹ-ایکسائز ڈیوٹی کم کرو-کم کرو‘ وغیرہ نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں۔ دہلی پولیس نے اس دوران کانگریس کارکنان پر لاٹھیاں بھی چلائیں جس میں کئی کانگریس لیڈران و کارکنان زخمی بھی ہو گئے۔

Published: undefined

تصویر بذریعہ پریس ریلیز

مظاہرہ کے دورا دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی میں اروند حکومت اور بی جے پی کی مودی حکومت کو ملک کے عوام کی پریشانیوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے سبب روز مرہ کے سامانوں، پھلوں، سبزیوں اور خوردنی تیلوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کے ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں بھی گزشتہ دو مہینوں میں 240 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ بڑھتی مہنگائی نے گھریلو خواتین کے رسوئی کے بجٹ کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی کی اروند کیجریوال حکومت اور مودی حکومت رواں سال میں لگاتار پٹرول، ڈیزل، گیس سلنڈر کی بڑھتی قیمتوں اور بڑھتی مہنگائی کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined