کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال / آئی اے این ایس
یمن میں سزائے موت کا سامنا کر رہی ہندوستانی نرس نمیشا پریا کی جان بچانے کے لیے کوششوں نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ کانگریس لیڈر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے سی وینوگوپال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس معاملے میں فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر یمن میں مقتول عبدو مہدی کے اہل خانہ 'بلڈ منی' یعنی خون بہا قبول کر لیتے ہیں تو نمیشا کو پھانسی سے بچایا جا سکتا ہے لیکن یمن کی موجودہ خانہ جنگی اور دیگر رکاوٹوں کے سبب بات چیت میں دشواریاں آ رہی ہیں۔
Published: undefined
خط میں وینوگوپال نے لکھا ہے کہ کیرالہ کی نرس نمیشا پریا کو 16 جولائی 2025 کو پھانسی دی جانی ہے اور وقت بہت کم رہ گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ یمن کی حکومت سے سفارتی سطح پر فوری بات چیت کر کے پھانسی کو منسوخ کرانے کی کوشش کریں۔
یاد رہے کہ نمیشا پریا کو 2017 میں اپنے یمنی بزنس پارٹنر عبدو مہدی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق، نمیشا نے مہدی کو ڈرگس دے کر قتل کیا اور لاش پانی کی ٹنکی میں چھپا دی۔ تاہم، نمیشا کے وکیل کا کہنا ہے کہ مہدی نے اس کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کی، پاسپورٹ چھین لیا اور بندوق دکھا کر دھمکیاں دیں۔ انہی حالات میں خود کو بچانے کے لیے نمیشا نے مہدی کو بیہوش کرنے کے لیے انجکشن دیا لیکن وہ اوور ڈوز کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔
Published: undefined
یمنی عدالت نے نمیشا کو قتل کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی ہے لیکن یمن کے قانون کے مطابق اگر مقتول کا خاندان بلڈ منی (دیت) قبول کر لے تو مجرم کو معافی دی جا سکتی ہے۔ اسی امکان کو دیکھتے ہوئے نمیشا کی والدہ اور ایک ایکشن گروپ مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ مہدی کے خاندان کو 10 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 85 لاکھ روپے) دے کر اس کی جان بچائی جا سکے۔
نمیشا کی ماں کے مطابق وہ کیرالہ میں اپنا سب کچھ بیچ چکی ہیں اور اب کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے رقم جمع کی جا رہی ہے۔ جیسے ہی مہدی کا خاندان رضامند ہوگا، بلڈ منی فوری طور پر ادا کر دی جائے گی۔ یہ معاملہ اب مکمل طور پر مقتول کے اہل خانہ اور یمنی حکام کی رضامندی پر منحصر ہے۔
Published: undefined
کے سی وینوگوپال کے مطابق، موجودہ حالات میں صرف ہندوستانی حکومت کی اعلیٰ سطح کی مداخلت ہی نمیشا کی جان بچا سکتی ہے۔ خط میں وزیر اعظم سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ترجیحی بنیاد پر اس معاملے میں مداخلت کریں اور تمام ممکنہ سفارتی اقدامات اختیار کرتے ہوئے یمنی حکومت سے سزائے موت کو ختم کرانے کی کوشش کریں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined