
تصویر ویڈیو گریب
بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت والے مدھیہ پردیش میں زمین گھوٹالے کے معاملے پر کانگریس نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کے خلاف ریاست گیر عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ مہاکال کی نگری اجین میں ہونے والی زمین کی لوٹ کا حساب پورا ملک مانگ رہا ہے، لیکن پورا سرکاری نظام وزیر اعلیٰ کو بچانے میں مصروف ہے۔
Published: undefined
جے رام رمیش نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رہنما اجین سے لے کر ایودھیا تک بدعنوانی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، اس بڑے گھوٹالے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی بھی سوالات کو جنم دے رہی ہے اور یہ خاموشی ملی بھگت کا اشارہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کے ساتھ مل کر اس معاملے پر سڑکوں پر اترے گی اور بدعنوان عناصر کے ساتھ ان کے سرپرستوں کو بھی بے نقاب کرے گی۔
Published: undefined
اسی معاملے پر مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے بھی آئندہ دنوں کے لیے مرحلہ وار احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر رہنما پہلے ڈویژن کی سطح پر اور اس کے بعد ضلع سطح پر پریس کانفرنسیں کریں گے، جن میں زمین گھوٹالے سے متعلق اعداد و شمار اور دستاویزات عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
جیتو پٹواری نے بتایا کہ کانگریس ایک ہفتے کے اندر ایک خصوصی پورٹل بھی شروع کرے گی، جہاں ریاست کے شہری، صحافی اور دیگر افراد وزیر اعلیٰ، ان کے اہل خانہ، وزراء اور ان کے اہل خانہ کی قانونی اور غیر قانونی جائیدادوں سے متعلق معلومات جمع کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
Published: undefined
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پندرہ جولائی کو بھوپال میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا جائے گا اور ان سے بدعنوانی کے بارے میں جواب طلب کیا جائے گا۔ ان کے مطابق بیس سے پچیس جولائی کے درمیان ہونے والے اسمبلی اجلاس میں بھی اس معاملے کو اولین ترجیح کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور وزیر اعلیٰ سے جواب مانگا جائے گا۔
جیتو پٹواری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جہاں بھی ریاست کے مختلف اضلاع کے دورے پر جائیں گے، وہاں کانگریس کے ضلعی صدور اپنے کارکنوں کے ساتھ ان سے اس معاملے پر جواب طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ نے وضاحت نہیں دی یا استعفیٰ نہیں دیا تو جولائی کے آخر تک اجین میں پچاس ہزار سے ایک لاکھ کارکنوں کی موجودگی میں بڑا احتجاج کیا جائے گا۔ ان کے مطابق کانگریس ایودھیا سے مہاکال تک بدعنوانی کے معاملے کو عوام کے سامنے لانے کی مہم چلائے گی اور وزیر اعلیٰ کو یا تو وضاحت دینے یا پھر استعفیٰ دینے پر مجبور کرے گی۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined